بانہال//ریاستی چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے آج نئی قاضی گنڈ بانہال ٹنل کے کام میں سرعت لانے پر زور دیا تاکہ اس ٹنل کو اس سال کے آخر تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے ذاتی طور پر اس ٹنل پر جاری کام کا معائینہ کیا ۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی ، سول انتظامیہ کے دیگر افسران اور متعلقہ ایجنسی کے نمائندے بھی تھے۔ چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ٹنل پر تعمیراتی کام 80فیصد مکمل کیا گیا ہے اور اسے اس سال کے آخر تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹنل پر تعمیراتی کام 2011ء میں شروع کیا گیا تھا ۔اس کے مکمل ہونے سے جموں سرینگر کے مابین فاصلہ مزید 16میٹر کم ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ ون اے کا نام بد ل کر این ایچ 44 کر دیا گیا تھا اور اسے فور لین بنانے کے لئے کئی مراحل میں کام ہاتھ میں لیا گیا تھا ۔ جس میں جموں ادہم پور سیکٹر اور قاضی گنڈ سرینگر کے علاوہ چنہنی ناشری ٹنل کی تکمیل شامل ہے ۔ اس شاہراہ کی کل لمبائی 326کلو میٹر ہے جسے میں سے 177کلو میٹر تعمیر ہو چکی ہے جب کہ 149پر کام جاری ہے۔قاضی گنڈ بانہال ٹنل موجودہ جواہر ٹنل جو کہ قریب 53سال قبل تعمیر کیا گیا تھا سے تقریباً400میٹر نشیب میں تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس سے دشوار گذار اور برفانی علاقہ سے بچت ہو سکے گی۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ چنہنی ناشری ٹنل کے برعکس یہ ٹنل دو ٹیوب پر مشتمل ہے اور 23فٹ چوڑی ہر ٹیوب کو ڈبل لین بنایا گیا ہے ۔ ہر آدھ کلو میٹر کے بعد دونوں ٹنلوں کو آپس میں رابطہ فراہم کیا گیا ہے جب کہ اسے ہوا دار بنانے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کنٹرول کے لئے جدید ترین تکنیک کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل چیف سیکرٹری نے بذریعہ روڈ سرینگر سے جموں تک کا سفر طے کر کے ذاتی طور پر فورلیننگ کے کام کا جائزہ لیا اور انہوں نے خصوصی طور پر ٹنل کی تعمیر کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ اس موقعہ پر ہوم سیکرٹری آر کے گوئل، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے رام بن ناشری اور چنہنی ادہم پور سیکٹر پر جاری کام کے علاوہ کٹرہ بانہال ریلوے لنک کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا اور تعمیراتی ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کی۔ رام بن میں زیر تعمیر با پاس پل کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔