بانہال// کٹرہ سے سرینگر جانے والی ایک تیز رفتار منی بس بانہال قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے اندر پلٹ گئی جس کے نتیجے میںمنی بس ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی جبکہ اترپریش سے تعلق رکھنے والے قریب20 سیاح زخمی ہوئے۔ ان میں 3شدید زخمیوں کوجی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ یہ واقعہ منگل کی شام قریب ساڑھے چار بجے پیش آیا۔ حادثے کے بعد فورلین ٹنل کے اندر کچھ وقت کیلئے ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ منی بس نمبر JK02AT/ 6530 میں اتر پردیش کے بریلی سے تعلق رکھنے والے22 سیاح سوار تھے اور وہ ویشنو دیوی کٹرہ میں حاضری دینے کے بعد سیاحت کیلئے کشمیرجارہے تھے۔ بانہال ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ منی بس ڈرائیور طارق احمد ولد محمد ارشاد ساکن ٹکری ادھم پورکی موت ہسپتال پہنچانے سے پہلے ہی واقع ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تین زخمیوں کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ گیارہ زخمیوںکی بانہال ہسپتال سے چھٹی کی گئی ہے اور دس ابھی زیر علاج ہیں۔