عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے تکیہ چیوہ گائوں میں ایک ‘بدنام’ منشیات فروش کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔منشیات فروش کی شناخت بشیر احمد چوپان ولد عبد الاحد چوپان کے طور پر ہوئی ہے جو کہ تکیہ شیوا سمبل کا رہائشی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ضبط کی گئی جائیداد میں ایک منزلہ رہائشی مکان کے ساتھ 6 مرلہ اراضی بھی شامل ہے جس کی نشاندہی منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے مزید کہا، “یہ کارروائی پولیس اسٹیشن سمبل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 43/2019 کے دائرہ کار میں آتی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ بانڈی پورہ پولیس منشیات کی سمگلنگ سے متعلق مقدمات کی سرگرمی سے پیروی کر رہی ہے، جس کا مقصد غیر قانونی تجارت میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنا اور منشیات کے استعمال کی لعنت کو روکنا ہے۔بانڈی پورہ پولیس نے سمبل پولیس سٹیشن کے NDPS ایکٹ کے تحت منشیات کی فروخت کی کارروائی کے طور پر عمر محمد گورو ولدغلام محمد گورو ساکن نانی نارہ سمبل کی ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK05A-9722 بھی ضبط کر لی ہے۔