عازم جان
بانڈی پورہ// بانڈی پورہ کے مضافات میں بدھ کے روز دم گھٹنے سے ایک دینی مدرسے میں زیر تعلیم دو کمسن بھائی کی موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق جامع اسلامیہ دارلعلوم’ فیض العلوم‘ اشٹنگو کے دو بھائی طالب علموںکو بدھ کی صبح اپنے والد سمیت کمرے میں بیہوش پایا گیا۔ درسگاہ کے منتظمین اورعملے نے بچوں اور ان کے والد کو بے ہوشی کی حالت میں ضلع ہسپتال بانڈی پورہ پہنچایا تاہم دو کمسن بھائی تب تک لقمہ اجل بن چکے تھے جبکہ ان کاوالد ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہے۔مرنے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ منیر احمد اور اسکا بھائی8 سالہ تنویر احمد ولد قاسم احمد چیچی ساکن ملنگام بانڈی پورہ کے طور پر کی گئی ۔ پولیس نے دفعہ 174کے تحت کیس رجسٹر کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کی ہے۔ ابتدائی جانچ میں دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہونے کی وجہ بتائی جارہی ہے۔دونوں بھائیوں کی لاشوں کو قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد آبائی قبرستان ملنگام میں سپردخاک کردیاگیا ۔ اس دوران بستی میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار رہی۔