بانڈی پورہ ضلع کی بیشتر سڑکیں خستہ حال

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ ضلع کی بیشتر سڑکیں ناگفتہ بہ ہونے سے لوگوں کو عبورومرور میں دقتوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اونگام اور کلوسہ سے آنے والے لوگوں نے بتایا کہ کلوسہ بازار سے ڈیڑھ کلو میٹر فاصلہ خراب حالت میں ہے بلکہ سڑک کے بیچوں بیچ گہرے کھڈبنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرد و غبار سے دکانداروں اور راہگیروں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ معمولی بارشوں کے دوران کیچڑ سے برا حال ہوتاہے ۔وٹہ پورہ کے باشندوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک عرصہ دراز سے ناگفتہ بہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے بیچوں بیچ سپلائی لائن تین برس قبل پھٹ چکی ہے۔ اگرچہ جل شکتی محکمہ اور آراینڈ بی محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئروں سے رابطہ کرکے ازالہ کرنے کا مطالبہ کیاگیا لیکن یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں کیا ملا۔اس دوران ملنگام کے باشندوں نے بتایا کہ ملنگام زیارت سے لیکر ننگاباجی تک چار کلومیٹر سڑک بالکل خستہ ہے اور ضلع انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہیں ۔ لوگوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور چیف انجینئر سرینگر سے مطالبہ کیا کہ بانڈی پورہ ضلع کی سڑکوں کی مرمت کی جائے۔