بالا کوٹ سرحدی علاقہ میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

 مینڈھر//پونچھ پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران بالاکوٹ کے سرحدی علاقے ڈبی میں پندرہ کلو گرام کے قریب منشیات ضبط کی گئی ہے۔اس دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی البتہ بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاکی برآمدگی کا دعویٰ کیاگیاہے۔اس کارروائی کی سربراہی ایس ایس پی پونچھ روہت بسکوترہ نے کی۔اس موقع پرایس ڈی پی او مینڈھر شیزان بٹ ،پولیس چوکی انچارج بالاکوٹ سمن شرمااور پولیس ٹیم موجود رہی۔ایس ایس پی پونچھ نے بعد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ پونچھ ایک سرحدی ضلع ہے جہاں ہمیشہ دشمن اس بات کیلئے کوشاں رہتاہے کہ نشے کو بڑھاوادینے کیلئے نشہ آور اشیاسمگل کی جائیں۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس کی روک تھام کیلئے پولیس ، فوج اوردیگر دفاعی ادارے اپناکام کررہے ہیں اور ایسی کوششوں کوناکام بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اسی سلسلے میں تلاشی کارروائی کی گئی جس میں بڑی کامیابی ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ پندرہ کلو کے قریب نشہ آور اشیابرآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں کوئی شے نظر آتی ہے تو اس کے بارے میں بتایاجائے تاکہ بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایاجاسکے۔اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ہے