بالاکوٹ کے سنگیوٹ گائوں میں قائم پولنگ اسٹیشن

مینڈھر//بالاکوٹ بلاک کی سنگیوٹ علا قہ کی پنچایتوں میں انتظامیہ کی جانب سے قائم پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملے کیلئے پانی ،بجلی ودیگر بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں ۔ان پنچایتوں کے سرپنچوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں سنگیوٹ علاقہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے چار پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔سرپنچ مختیار احمد اور شمیم اختر نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سنگیوٹ علا قہ میں قائم پولنگ اسٹیشنوں میں عملے کیلئے پانی ،بجلی ودیگر بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکار نے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بہتر انتظامات کا بندوبست کرنے کے لئے حکم جاری کیا تھا جس کے تحت  بجلی پانی اور سڑک کو بھی پولنگ اسٹیشن تک پہنچانا تھا لیکن متعلقہ محکمہ نے ایسا نہیں کیا اور انتخابی ٹیم کیلئے کو ئی بھی سہولیات فراہم نہیں کی ہیں جو کہ مقامی لوگوں اور عملے کیساتھ انا انصافی ہے ۔پنچایتی اراکین نے مانگ کر تے ہوئے کہاکہ سرکاری حکم نامے کے باوجود ان پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولیا ت فراہم کرنے کے سلسلہ میں تحقیقات کروائی جائے ۔اس سلسلہ میں ایس ڈی ایم مینڈھر نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی گئی ہیں ان پولنگ اسٹیشنوں کیلئے پانی کا انتظام کیا جائے تاکہ عملے کر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔