مینڈھر// مینڈھر پونچھ کے بالاکوٹ علاقے میں لائن آف کنٹرول کے اطراف میںبھاری گولہ باری سے متعدد رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تقریباً پونے سات بجے پاکستانی فوج نے بالاکوٹ میں حد متارکہ اور قریبی علاقوں پر فائرنگ اور شلنگ کی جس دوران بالاکوٹ ،سندوٹ،سوالہ، ڈبی، بالاکوٹ فارورڈ ، بسونی ، پنجنی علاقوں میں زبردست خوف وہراس پیداہوا۔حکام نے بتایا’’پاک فوج نے علاقے میں شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے طویل فاصلے پر 120 ملی میٹر کے مارٹر گولے بھی استعمال کئے‘‘۔ پاکستانی فوج کی طرف سے داغا گیا ایک مارٹر گولہ آرمی چوکی کے قریب پھٹنے سے فوج کااہلکار زخمی ہوگیاجسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔علاقے میں گولہ باری سے دس کے قریب ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بالاکوٹ فارورڈ میں چار کچے مکانات کوگولہ باری سے نقصان پہنچا جبکہ بالاکوٹ کی سرحدی رہائشی کالونی میں چھ ڈھانچوں کو نقصان ہوا۔ گولہ باری کے ساتھ ساتھ فائرنگ لگ بھگ چار گھنٹوں تک جاری رہی۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹنٹ کرنل دیونندر آنند نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میںحد متارکہ پر فائر نگ اور گولہ باری کی جس پر بھارتی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔دریں اثناشام ساڑھے چھ بجے منکوٹ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری شرو ع ہوگئی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی۔