مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل بالاکوٹ کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ مقامی عوام بارہا حکام سے ان سہولیات کی فراہمی کی مانگ کرتے چلے آرہے ہیں مگر ان کی دادرسی نہیںہورہی ۔علاقے میںبجلی کے ڈھانچے کا یہ عالم ہے کہ ترسیلی لائنیں سرسبز درختوں سے بندھی ہوئی ہیں جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ آفیسران اور ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بالاکوٹ کی طرف کوئی دھیان نہیں دیاجارہا جس کی زندہ مثال بجلی کا نظام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بالاکوٹ میں بجلی کئی کئی دن غائب رہتی ہے اور بارش ہونے کے ساتھ ہی سپلائی کاٹ دی جاتی ہے ۔ ان کاکہناہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنایاجائے اور سپلائی میں معقولیت لائی جائے ۔ ان کاکہناتھاکہ لوگوں کو کھمبے فراہم کئے جائیں تاکہ ان کے ساتھ ترسیلی لائنیں باندھی جاسکیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افیسران سیاسی اثرو رسوخ رکھنے والے لوگوں کو کھمبے دے رہے ہیں اور غریب لوگوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ۔مقامی لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگر محکمہ نے بہتری کے اقدامات نہ کئے تو وہ احتجاج کاراستہ اختیا رکریں گے ۔