مینڈھر//سرحدی تحصل بالاکوٹ کے لوگوں نے جموں وکشمیر حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بالاکوٹ سے ڈبی سڑک پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہاکہ یہ روڈ پندرہ سال قبل محکمہ تعمیرات عامہ نے تعمیر کرائی تھی ،تب اس چھ کلو میٹر سڑک کا ارتھ ورک ہواتھاجس کا آج نام و نشان ہی مٹ چکاہے۔ انہوں نے بتایاکہ سڑک کی جگہ بڑے بڑے پتھر جمع ہے اوراب ٹریکٹر بھی نہیں چل پاتا۔ان کاکہناہے کہ اس سڑک پر کروڑوں روپے خرچے گئے لیکن اس کی تعمیر مکمل نہ ہوسکی اور نہ ہی انہیں اس کا کوئی فائدہ مل پایا،نتیجہ کے طور پر انہیں سامان کاندھے پر اٹھاکر کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑتاہے۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیاکہ اس بات کی انکوائری کروائی جائے کہ اتنی خطیر رقم خرچنے کے بعد بھی سڑک کانام و نشان کیوں مٹ گیاہے اوراس کی تعمیر کیوں مکمل نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ان کی زمینیں بھی تباہ ہوگئیں لیکن سڑک نہیں بن پائی۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر اس سڑک کی تعمیر کیلئے اقدامات کریں۔
بارشوں نے مینڈھر کے نکاسی نظام کی پول کھول دی
سڑکیں تالاب میں تبدیل ،لوگ مشکلات سے دوچار،حکام لاتعلق
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں پانی کی نکاسی کا نظام ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔بارش ہونے کے ساتھ ہی سارا پانی سڑک پر جمع ہوگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑا۔کئی لوگوں نے بات کرتے ہوئے بتایاکہ سارا پانی سڑک پر پڑے کھڈوں میں جمع ہوگیاجس سے ان کے کپڑے تباہ ہوئے۔انہو ں نے کہاکہ کئی عرصہ بعد سکول لگے تھے لیکن آج طلباکی وردیاں یہاں سے گزرتے ہوئے پوری طرح سے تباہ ہوگئیں۔انہوں نے کہاکہ بارہا یہ شکایت کی گئی ہے کہ پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنایاجائے تاکہ بارشوں کے دوران تباہی سے بچاجاسکے لیکن ہر بارش کے وقت سارا پانی یاتودکانوں کے اندر جمع ہوکرسامان تباہ کردیتاہے یاپھر راہگیروں کیلئے مشکلات پیدا کرتاہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اقدامات کرکے اس مشکل کا سدباب کریں کیونکہ وہ اس روزروزکی پریشانی سے بہت تنگ آچکے ہیں۔
درہ سانگلہ پسی گر آنے سے رابطہ سڑک منقطع
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے دور افتادہ پنچایت درہ سانگلہ میں انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے دوبارہ پسی گر آنے کی وجہ سے سڑک رابطہ منقطع ہو گیا اور زمین مالکان کا بھی بھاری نقصان ہوا۔گذشتہ 11 ستمبر 2021 کو بھی سڑک پر پسی گر آنے سے سڑک رابطہ منقطع ہو گیا تھا تاہم 9 دسمبر 2021 کو ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر عبدالستار اور ڈی ڈی سی چیئر پرسن تعظیم اختر اور ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک اور ان کے ہمراہ دیگر سبھی محکمہ جات نے پنچایت درہ سانگلہ کا دورہ کیا تھا اور اسی پسی سے گذر کر پنچایت درہ سانگلہ پہنچے تھے جس دوران عوام نے پسی کی جگہ ڈنگا لگانے کی مانگ کی تھی اور سڑک کو بحال کرنے پر بھی زور دیا تھا۔ انتظامیہ نے محض 15 دنوں کا وقت لیا تھا کہ سڑک رابطہ بحال کیا جائے گا اور پسی کی جگہ ڈنگا بھی لگایا جائے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا تاہم ایک ماہ قبل ٹھیکدار نے کچھ حد تک پسی اٹھا کر راستہ بنایا تھا لیکن گذشتہ روز یعنی 25 فروری کو ہوئی برسات کی وجہ سے دوبارہ پسی گر آئی اور ایک بڑا علاقہ پھسل کر سڑک پر آپڑا جس کی وجہ سے زمین مالکان کا بھی لاکھوں کا نقصان ہوا اور سڑک رابطہ بھی پوری طرح سے منقطع ہو گیا ۔علاوہ ازیں راہگیروں کو چلنے کا راستہ بھی نہیں رہا ۔عوام نے ڈپٹی کمیشنر پونچھ سے اپیل ہے کہ فوری طور پنچایت درہ سانگلہ کا دورہ کیا جائے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے، عوام پچھلے ایک سال سے مشکلات سے دوچار ہو رہی ہے کوئی ان کی خبر تک نہیں لیتا کہیں مجبوراً عوام کو احتجاج کا روح نہ کرنا پڑے۔