سرینگر // گذشتہ 11ماہ کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 19.71روپے کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں 18.37روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ فی الوقت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان پر ہیں اور ان کی قیمتوں میں کمی واقع ہونے کے آثار بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔گذشتہ ایک ماہ سے پٹرول کی قیمت لگاتار 104سے زیادہ ہے اور ڈیزل 92 روپے سے زیادہ فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں اکتوبر2020میں پٹرول کی قیمت 84روپے 66 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 74روپے19 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔ لیکن دسمبر میں اس کی قیمت 86روپے13پیسے تک پہنچ گئی اور ڈیزل کی قیمت بھی 1روپے بڑھائی گئی ۔جنوری2021 میں پٹرول 87روپے43پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 77روپے.63پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔فرروی 2021میں پٹرول کی قیمت 87روپے91پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 80روپے24پیسے مقرر کی گئی۔مارچ میں 94روپے 34 پیسے پٹرول اور 84روپے 99پیسے ڈیزل فی لیٹر قیمت مقرر کی گئی ۔ جون میں پٹرول کی قیمت 97.67اور ڈیزل کی قیمت 89.0روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ۔رواں سال جولائی کے مہینے میں پٹرول کی قیمت 97روپے67 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل89روپے 3پیسے مقرر تھی ۔اگست سے اب تک پٹرول کی قیمتوں نے 100کا ہندسہ پار کیا اور قیمت لگارتار 104 روپے تک جا پہنچی۔صرف اس ماہ کے دوران کچھ ایک پیسے کی کمی دیکھنے کو ملی ہے ۔جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اگست سے صرف ایک روپے کی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق جموں وکشمیر میں ان دنوں نئی دہلی سے پٹرول 3روپے 3پیسے مہنگا ہے ،دہلی میں اس وقت پٹرول کی قیمت 101.روپے34 پیسے فی لیٹر ہے ۔ممبئی میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ 107روپے فی لیٹر ہے ،جبکہ چنئی میں جموں وکشمیر سے 5روپے 41پیسے پٹرول سستا ہے اور وہاں پٹرول کی قیمت 98.96فی لیٹر مقرر ہے ۔کلکوتہ میں کشمیر سے پٹرول 3روپے سستا ہے اور وہاں قیمت 101روپے فی لیٹر ہے ۔