راجوری //بار ایسوسی ایشن راجوری کے وکلاء نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشن جموں کوجموں خطہ کی مجموعی فلاح وبہبودی کے لئے اپنا تعاون دینا چاہئے تاکہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد برقرار رہے اور عدلیہ کا تقدس محفوظ رہے ۔پریس کلب راجوری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار ارکان نے کہاکہ کٹھوعہ سانحہ انسانیت سوز واقعہ ہے جس نے ساری قوم کو شرمندہ کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ جو اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے ،کوملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد دینی ہوگی تاکہ آئندہ اس طرح کے انسانیت سوز واقعات پیش نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں اور بنگلہ دیشی مسلمانوں کے خلاف جموں میں بارکی ہڑتال کاکوئی جواز نہیں بنتاکیوں کہ یہ مہاجر اقوام متحدہ کی اجازت سے رہ رہے ہیںاورانہیں خوفزدہ نہ کیاجائے۔ ایڈووکیٹ تعظیم ڈار نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ بار ایسوسی ایشن جموں ایسے معاملات لیکر سامنے آررہی ہے جو مجموعی ترقی اور آپسی روارادی کے برعکس ہیں ۔انہوںنے کہاکہ فرقہ پرستی کو چھوڑ کر مجموعی ترقی کی جائے گی ۔ ایڈووکیٹ شوکت چودھری نے جموں کے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے مطالبات واپس لیں اور کٹھوعہ معاملے کو حل کرنے میں کرائم برانچ کواپنا تعاون دیں ۔انہوں نے کہا کہ بارترقیاتی معاملات اور ملکی مفاد کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے عدلیہ میں اپناکردار اداکرے ۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کا مسئلہ عدالت میں زیر سماعت ہے جس پر کچھ کہنا مناسب نہیں ۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ شوکت ، ایڈووکیٹ ذوالفقار علی اور ایڈووکیٹ طارق محمود بھی موجود تھے ۔