بارہمولہ// بیوپارمنڈل بارہمولہ نے قصبہ میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر احتجاجی دھرنا دیا ۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو تاجر برادری کی بڑی تعداد نے بیوپارمنڈل بارہمولہ کے صدر محمد اشرف گنائی اور جنرل سکریٹری طارق احمد مغلو کی قیادت میں سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر ڈرینج سسٹم اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو لیکر ضلع انتظامیہ اور بیکن حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی تاجروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ قصبے کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔ مظاہرین نے انتظامیہ اور بیکن حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ قصبے کے تحصیل روڈ کے قریب دو نالیاں کئی برسوں سے کافی خستہ ہیں جو لوگوں اور تاجروں کیلئے درد سر ہے جس کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات سے دو چار ہوناپڑ رہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص نکاسی آب نظام سے تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ جنرل سیکرٹری طارق احمد مغلونے کہا کہ بارہمولہ قصبے سے گزرنے والی سرینگر مظفر آباد سڑک کی حالت بھی کافی خراب ہے اور جنرل بس اسٹینڈ پر برسوں سے تارکول نہیں بچھایا گیا ۔ انہوں نے کہا قصبے کے کئی سڑکیں، بس اسٹینڈ اور دیگر اندرونی سڑکوں کو برسوں سے نظر انداز کیا گیا ہے ،اور انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ۔ تاجروں نے دھمکی دی کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ان کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے، تو وہ ایک اور احتجاج کریں گے اور شاہراہ کو ایک مرتبہ پھر بند کر یں گے جس کی تمام ترذمہ داری ضلع انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔