عمر عبداللہ کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے 12ویں جماعت کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی اور مذکورہ کامیابی کیلئے اساتذہ کی سخت محنت و لگن کو بھی سراہا۔ دونوں لیڈران نے امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلاب، اُن کے والدین اور اُن کے اساتذہ کو بھی خصوصی طور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جتنی ایک طالب علم کی محنت کام آتی ہے اُتنا ہی والدین خصوصاً اساتذہ کی محنت اور لگن بھی کارفرما ہوتی ہے ۔پارٹی لیڈران نے کہا کہ اس بار بھی لڑکیوں نے پھر سے میدان مار لیا ہے اور چاروں شعبوں کی پہلی پوزیشنیں حاصل کیں ہیں ،یہ ایک انتہائی حوصلہ افزاء اور خوش آئندہ بات ہے۔ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ کورونا وائر س اور مسلسل لاک ڈائون سے تعلیمی اداروں کے بند رہنے کے باوجود بھی ہماری نئی پود نے مشکلات میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔محنت، عزم اور استقامت ہمیشہ اپنا ثمر دیتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، معاشرے میں نئی پود کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور نئی پود کی نشونما اور تعلیم و تربیت جتنی اچھی ہوگی اُتنا ہی قوم کا مستقبل روشن ہوگا کیونکہ نئی پود کو ہی آگے چل کر ملک اور قوم کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہوتی ہے۔
دنیوکنڈی مرگ کے ہائراسکینڈری اسکول کی تسلی بخش کارکردگی
72فیصد کامیابی کی شرح،26امتیازی پوزیشنیں بھی حاصل
سری نگر//دنیوی کنڈی مرگ کولگام کے ہائراسکینڈری اسکول کے طلاب نے بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں شاندار کامیابی حاصل کرکے 26 امتیازی پوزیشنیں حاصل کیں۔کے این ایس کے مطابق اسکول میں کل 189 طلبہ و طالبات نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں حصہ لیا، جس میں 132 طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی، جس میں 26 بچوں نے امتیازی پوزیشنیں حاصل کیں، اس کے ساتھ ساتھ تین بچوں نے ٹاپ کیا، جس میں عشرت منظور نے 478،ثریا اختر نے 466 اور شاہدہ نزیر نے 463 نمبرات حاصل کئے۔ اس دوران علاقے کے لوگوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ اسکولی عملہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ ادھر بچوں کے والدین نے کہا کہ اسکول کے اساتذہ نے کووِڈ- 19کے دوران بچوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی متعلقہ ہائر سکینڈری کے پورے اسٹاف نے بچوں کو کسی قسم کی تکلیف ہونے نہ دی، جس میں ویڈیو کالز، کومنٹی کلاس، کانفرنس کالز، وائس کالز یعنی ہر طرح کی سہولیات میسر رکھیں۔جس سے اسکول میں بارہویں جماعت کے نتائج کی شرح تسلی بخش رہی، اسکے ساتھ ساتھ ویکیشنل پرچہ پر اسکول کے طالبہ و طالبات نے فیصد کامیابی حاصل کی، علاقے کے لوگوں کے ساتھ ساتھ والدین نے بھی اسکولی عملہ کی سراہنا کی۔
کرالہ گنڈ قاضی آباد کی ہونہارلڑکی
سائنس مضامین میں 489نمبرات حاصل کئے
کپوارہ//اشرف چراغ // سپرنا گہا مہ کرالہ گنڈقاضی آباد کی ایک متوسط گھرانے کی لڑکی نے بارہویں جماعت کے نتائج میں سائنس شعبے میں 489نمبرات حاصل کرکے اپنااوراپنے اسکول کانام روشن کیا۔ عائشہ ظہور دختر ظہور احمد حجام زیر تعلیم گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بارہمولہ نے جب منگل کے روز سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے بارویں جماعت کے نتائج منظر عام پر لانے کے بعد اپنے کامیاب ہونے کی خبر سن لی ،تووہ خوشی سے جھوم اٹھی اور اس کو یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ وہ بہترین نمبرات لیکر کامیاب ہوگئی ۔عائشہ ظہور کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کی مالی حالت انتہائی خراب ہے لیکن اس کے باجود بھی اس کے والدین نے اسکی تعلیم کو جاری رکھنے کے لئے ہمت کبھی نہ ہاری اور اُسے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ ان کے گھر کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔عائشہ کے آنکھوں میں خوشی کے ۱ٓنسوں تھے کہ اس نے بارہویں جماعت میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائنس مضامین میں 489نمبرات حاصل کئے ۔عائشہ کی باتو ں میں واضع پیغام تھا کہ جب ایک ہونہار طالب علم محنت اور لگن سے اپنی پڑھائی پر دھیان دے تو کوئی بھی منزل مشکل نہیں ہے اور ذاتی محنت کی وجہ سے ہی طالب علم بڑے سے بڑے امتحان میں کا میابی حاصل کر سکتا ہے ۔ عائشہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون اور انٹرنیٹ بندشوں کے با جود بھی میں نے اس نے پڑھائی پر خوب توجہ دی اور کسی بھی کوچنگ سنٹر کا بھی کبھی رخ نہیں کیا لیکن اپنی پڑھائی پر پوری توجہ مرکوز کی کیونکہ بارویں جماعت میں شاندار کار کردگی دکھانے کااُسے بہت تمنا تھی اور آج وہ اس نتیجے پر پہنچ گئی کہ کسی کی محنت ضائع نہیں ہوتی ہے اور آخر محنت رنگ لاتی ہے۔