عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ//شمالی ضلع بارہمولہ میں پولیس نے’منشیات مخالف مہم ‘جاری رکھتے ہوئے سال رواں کے ابتدائی5 ماہ کے دوران 171 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے51.62 کروڑ روپے مالیت کے نشہ آورادویات،ساڑھے 14لاکھ روپے نقدی اورمنشیات اسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی15گاڑیاں ضبط کرلیں۔اس دوران 16 منشیات فروشوںکی5.5 کروڑ مالیت مالیت کی جائیدادیں بھی قرق کی گئی ہیں، جن میں رہائشی مکان ، تجارتی مراکز اورزرعی اراضی بھی شامل ہے جس میں 50کروڑ73لاکھ روپے مالیت کابرائون شوگر،85لاکھ93ہزار روپے مالیت کی ہیروئین،32.68لاکھ روپے مالیت کا چرس،41.77لاکھ روپے مالیت کابھنگ پائوڈرسمیت کل89ہزار روپے مالیت کی نشہ آور ادویات شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران15 گاڑیاں ضبط کی گئیں ۔ادھر بارہمولہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے مجاز اتھارٹی سے باضابطہ نظر بندی کا حکم حاصل کرنے کے بعد بارہمولہ میں ایک خاتون منشیات فروش فرحت بیگم عرف ’فینسی‘ ساکن ترکانجن بونیار کیخلاف PIT-NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے سنٹرل جیل سرینگر بھیج دیا ۔ رواں برس اب تک ضلع بھر میں درجن سے زائد منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ڈوزیئر تیار کیے جانے کے بعد مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کے احکامات حاصل کرنے کے بعد PIT-NDPSایکٹ کے تحت مذکورہ خاتون کو حراست میں لیا گیا اور سنٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا گیا۔