بارہمولہ//وزیر برائے دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، قانون و انصاف عبدالحق خان نے آج مرکزی معاونت والی سکیم پردھان منتری آواس یوجنا ( گرامین ) بارہمولہ میں وزیر برائے باغبانی سید بشارت بخاری کی موجودگی میں شروع کی ۔ سکیم کا مقصد معاشی طور کمزور طبقوں کو کم لاگت والے مکانات کی تعمیر کیلئے مدد فراہم کرنا ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے سکیم کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سکیم سال 2022 تک سب کیلئے مکان فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارہمولہ پہلا ضلع ہے جہاں یہ اہم سکیم شروع کی گئی ہے ۔ متعلقہ حکام کو سکیم کی عمل آوری میں شفافیت لانے کیلئے وزیر نے کہا کہ سماج کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت پُر عزم ہے جس کیلئے مختلف بہبودی سکیمیں جاری ہیں ۔ وزیر نے سکیم کے تحت مستفید ہونے والے مستحقین کی معقول جانچ پڑتال کرنے پر زور دیا تا کہ سکیم کے تحت مختص رقومات کا ناجائیز استعمال نہ ہو ۔ عبدالحق نے بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو اپنے علاقوں میں 15 ستمبر کو اپنے حدِ اختیار والے علاقوں میں گرام سبھا منعقد کرنے کی ہدایت دی جس کے ذریعے حقیقی مستحقین کی شناخت ہو گی اور اس کے علاوہ سکیم کے متعلق عوام کو جانکاری بھی حاصل ہو گی ۔ دریں اثنا وزیر باغبانی نے دیہی ترقی محکمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ دیہی علاقوں میں معاشی و معاشرتی زندگی میں بہتری لانے کیلئے ایک فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کی ترقی کیلئے پُر عزم ہے اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ذاتی طور پر از خود ہر محکمے کے کام کاج کی نگرانی کر رہی ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ نے سکیم کے مختلف گوشوں کو پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 336 مستحقین کی شناخت کی گئی ہے جن میں 1.77 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ۔