بارہمولہ/فیاض بخاری /شیری ناروائو بارہمولہ میں سوموار کو اُس وقت دلخراش حادثہ پیش آیا جب ایک بجلی انسپکٹر محکمہ بجلی کی غفلت شعاری کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔سوموار صبح گیارہ بجے بجلی انسپکٹر محمد سلطان بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن میر ہر شیری پولیس ٹریننگ سینٹر کے نزدیک رسیونگ اسٹیشن شیری میںکرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گیا ۔اس دوران اگر چہ مذکورہ انسپکٹر کو پرائمری ہیلتھ سینٹر شیری پہنچا یاگیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ انسپکٹر محمد سلطان کے اس حادثے میں موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے پورے ناروائو میں صف ماتم بچھ گئی۔ادھر مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکوہ انسپکٹر کی موت محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں شیری پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ مذکورہ انسپکٹر کے نماز جنازہ میں بھاری برف باری کے باوجود کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔