بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے سنیچرکو چار قماربازوں اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے۔قماربازوں کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم بھی ضبط کی ہے۔ اس کے علاوہ ایک منشیات فروش کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بارہمولہ تھانہ کی پارٹی نے بارہمولہ کے دائرہ اختیار میں بنیر علاقے میں قماربازی کی جگہ پر چھاپہ مار کر چار افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پولیس نے قماربازوں سے 9900 روپئے کی داؤ پر لگی رقم اور تاش کے پتے ضبط کرلئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی مناسبت سے مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کردی گئی۔اس کے علاوہ پولیس نے ایک منشیات فروش سیار احمد بٹ ساکن واگم پلوامہ کو پٹن کے علاقے ہانجی ویرہ علاقے میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران گرفتار کیا ۔ایس ایچ اوپٹن نثار احمد کی سربراہی میں تھانہ پٹن کی پولیس پارٹی نے ایک چیک پوائنٹ قائم کیا، کارروائی کے دوران ایک شہری کو 20 گرام برائون شوگر سمیت گرفتار کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تھانہ پٹن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔