بارہمولہ تصادم میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی، آپریشن جاری: آئی جی کشمیر

نیوز ڈیسک
 

سری نگر// جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

 

آئی جی کشمیر کے مطابق ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 

پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات اعلیٰ الصبح اس علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔

 

ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

 

مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

 

دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں جنگجووں اور فورسز کے مابین تصادم جاری ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطرنزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے۔