اشرف چراغ +غلام نبی رینہ
کپوارہ +کنگن//شمالی کشمیر کے بارہ مولہ اور لداخ کے پارلیمانی حلقوںمیں پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم سنیچر شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوئی۔بارہمولہ میں کل 22امیدوار میدان میں ہیں جبکہ کرگل میں صرف 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ بارہمولہ حلقہ کے 3 امیدوارو ں کا تعلق کپوارہ ضلع سے ، جبکہ ایک امیدوار سرینگر سے تعلق رکھتے ہیں۔لداخ نشست پر 2امیدوار لیہہ ضلع سے جبکہ ایک کرگل ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔دونوں حلقوں میں پیر کو ووٹ ڈالے جائیں۔ انتظامیہ نے انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں اور انتخابی مہم کے اختتا م کے بعد اس لوک سبھا نشستوں کے سبھی6اضلاع بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ ، بڈگام ،لیہہ اور کرگل میں حکام نے دفعہ 144نافذ کر کے ہر طرح کے جلسہ و جلوسوں یا اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔یہ امتناعی احکامات 20مئی کی شام تک جاری رہیں گے ۔
حلقہ بارہمولہ
بارہ مولہ پارلیمانی نشست میں 18 اسمبلی حلقے کرناہ ،ترہگام ،کپوارہ ،لولاب ،ہندوارہ ،لنگیٹ ،سوپور ،رفیع آباد ،اوڑی ،بارہ مولہ ،گلمرگ ،واگورہ کریری ،پٹن ،سوناواری ،بانڈی پورہ ،گریز ،بڈگام اور بیروہ شامل ہیں اور 2,103 پولنگ بوتھوں میں 17,37,865 لاکھ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں 8,75,831 مرد اور 8,62,000 خواتین کے علاوہ جسمانی طور ناخیز افراد کی تعداد17128 اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔کشمیری مہاجر ووٹروں کے لیے 26 خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ پولنگ کے روز مجموعی طور پر 8000 سے زائد پولنگ عملہ ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں 28 سرحدی پولنگ اسٹیشن ہیں۔مواصلات میں مزید کہا گیا کہ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔خواتین کے زیر انتظام 18 پولنگ بوتھ ہوں گے(جنہیں گلابی پولنگ اسٹیشن بھی کہا جاتا ہے)، 17 پولنگ بوتھ خصوصی طور پر معذور افراد اور 18 نوجوانوں کے زیر انتظام ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ماحولیاتی خدشات کے بارے میں پیغامات پھیلانے کے لیے 21 گرین پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔
امیدوار
یہاں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ ،پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون، تہاڑ جیل میں مقید انجینئر رشید اور پی ڈی پی کے میر فیاض کے مابین مقاملہ ہے۔مزکورہ نشست پر نیشل فرنٹ کے محبوس سربراہ نعیم احمد خان کے بردار منیر خان اور 2خواتین امیدوار ثریا نثار اور شفیقہ بیگم بھی حصہ لے رہی ہیں ۔ نشست پر کشمیری مائیگرنٹو ں ووٹروںکی تعداد 25ہزار 821ہے۔کرناہ اسمبلی حلقہ میں 57,291 ووٹر ہیں۔ترہگام میں 78,003,،کپوارہ حلقہ میں 93,144ووٹر ،لولاب میں 88,844،ہندوارہ اسمبلی حلقہ میں,836 97، لنگیٹ میں 1,17,819ووٹر،سوپور میں 1,10,942،رفیع آ باد 1,11,697 ،اوڑی 1,04,062ہیں،بارہ مولہ میں 1,26,106،گلمرگ میں 89,386،واگورہ کریری میں 72,060 ،پٹن میں 1,01,926ہیں،سوناواری میں 1,20,886،بانڈی پورہ میں 1,15,807 ،گریز میں 21,982 ،بڈگام میں 1,25,266 اور بیروہ میں 97,604ہیں ۔
لداخ
لداخ نشست پر کل1.84 لاکھ ووٹر 3 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔کرگل ضلع میں صرف ایک امیدوار ہے جہاں لیہہ کے مقابلے میں 7000 زیادہ ووٹ ہیں جبکہ لیہہ ضلع میں خواتین ووٹروںکی تعداد زیادہ ہے۔لداخ لوک سبھا سیٹ، جو کہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کا واحد پارلیمانی حلقہ ہے، میں کل 1,84,803 ووٹر ہیں اور یہ ان چند لوک سبھا حلقوں میں سے ہے جن میں دو لاکھ سے کم ووٹر ہیں۔، لداخ سیٹ پر 92,689 مرد اور 92,114 خواتین ہیں۔ لیہہ ضلع میں 88877 اور کرگل میں 95926 ووٹر ہیں۔تاشی گیلسن (بی جے پی) اور سیرنگ نمگیال (کانگریس)لیہہ سے دو امیدوار ہیں جب کہ محمد حنیفہ جان کرگل ضلع سے واحد امیدوار ہیں۔ بی جے پی نے 2014 اور 2019 میں لداخ لوک سبھا سیٹ جیتی، جب کرگل ضلع سے دو امیدوار تھے۔لیہہ ضلع میں کل 88877 ووٹرز میں سے 44008 مرد اور 44867 خواتین ہیں۔ کرگل ضلع میں، میں کل 95926 ووٹر ہیں، 48675 جن میںمرد اور 47253 خواتین ہیں۔لداخ پارلیمانی حلقہ میں 1127 معذور افراد اور 1570 بزرگ ووٹر ہیں۔حلقے میں کل 598 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔