کپوارہ//لولاب،بارہمولہ اورکٹھوعہ میں الگ الگ سڑک حادثوں میں 3 افراد ہلاک اور3 زخمی ہوگئے ۔لولاب میں ایک نوجوان اپنے ہی بھائی کے ٹریکٹر سے گر کر ہلاک ہوگیا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 20سالہ معراج الدین ولد سمندر میر ساکن پتو شئے لولاب اپنے بھائی جو ٹریکٹر کا ڈرائیور تھا، پر سوار تھا ۔بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھر سے کہیں جارہا تھا کہ کئی کلو میٹر طے کر کے گنڈ بگ کے مقام پر ٹریکٹر سے گر کر شدید طورزخمی ہوا،اگرچہ اُسے فوری طور سب ضلع اسپتال سوگام علاج کے لئے لایا گیا تاہم ڈاکٹرو ں نے وہاں اُسے مردہ قرار دیا ۔پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔اس دوران جب معراج کی نعش جب آبائی گائو ں پتو شئے لولاب پہنچائی گئی تو وہا ں کہرام مچ گیا اور پر نم آنکھو ں سے اُسے سپرد خاک کیا گیا ۔ادھر کانسپورہ بارہمولہ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں موٹر سائیکل سوار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو بعد دوپہر ایک موٹر سائیکل زیر نمبر 3109 – JK05Bکو نامعلوم ٹپر نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد جن میں مدثر احمد گنائی موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ ریاض احمد ڈار اورعالیہ ریاض شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتال بارہ مولہ پہنچایا گیا ۔پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقع واردات سے ٹپر ڈرائیور فرار ہوگیا، جبکہ پولیس سٹیشن دلنہ میں کیس درج کرکے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ۔اس دوران کٹھوعہ میں ایک سڑک حادثے میں سرینگر کا ایک نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ سی این ایس کے مطابق محمد حذیف خان ولد فیاض احمد خان ساکن سرائے بالا امیرا کدل سرینگر ،عابد امین ولد محمد امین ساکن قمرواری کے ہمرا ہ ایک کار میںگزشتہ شام کٹھوعہ ضلع میں جموں۔پٹھانکوٹ شاہراہ پر سفر کررہے تھے۔اس دوران ان کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں محمد حذیف خان ولد فیاض احمد خان ساکن سرائے بالا امیرا کدل موقعہ پر ہی ہلاک ہوا جبکہ عابد امین ولد محمد امین ساکن قمرواری زخمی ہوگیا۔ عابد کو شدید زخمی حالت میں ضلع اسپتال کٹھوعہ میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ حذیف کے موت کی خبرجب اس کے آ بائی علاقہ پہنچ گئی تو وہاںکہرام مچ گیا۔۔(مشمولات سی این ایس)