ارشاد احمد
گاندربل//بار کونسل آف انڈیا نے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے مربوط پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی پروگرام کو تسلیم کیا ہے۔اس موقع پر بار کونسل انڈیا کے ممبران نے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ قانون کا 11 مارچ کو لائیو ورچوئل معائنہ کیا،.جس میں ججوں، ماہرین تعلیم، وکلاء اور منتظمین موجود تھے۔انہوں نے پروگرام کوتسلیم کرنے کے لیے لازمی شعبہ کے تمام وسائل کی موقع پر تصدیق کرنے میں گہری دلچسپی لی۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ بارکونسل آف انڈیا کے چیئرمین کو پیش کی جنہوں نے 11اپریل کو لیگل ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس بلایا۔ کمیٹی نے معائنہ ٹیم کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر پایا کہ شعبہ قانون سکول آف لیگل سٹڈیز تمام مقررہ شرائط کو پورا کر رہا ہے اور اس کے مربوط پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی پروگرام کو تسلیم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ لیگل ایجوکیشن کمیٹی کے اس فیصلے کو چیئرمین بار کونسل انڈیا نے منظور کیا اور بعد میں محکمہ کو آگاہ کردیا۔ یہ پروگرام سال 2011 سے سال 2023 تک تسلیم شدہ ہے۔سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ اور رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے شعبہ سکول آف لیگل سٹڈیز کے سربراہ پروفیسر فاروق احمد میر سمیت فیکلٹی ممبران کو ان کی انتھک کوششوں اور اس کامیابی سے حقیقی مستفید ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی۔شعبہ نے 2011 میں اس کے قیام کے فوراً بعد بار کونسل انڈیا کو پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی پروگرام کو تسلیم کرنے کے لئے درخواست دی تھی جس کے بعد بار کونسل انڈیا کی ٹیم نے ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا تھا، لیکن ٹیم اپنی رپورٹ چیئرمین بار کونسل انڈیا کو وقت پر پیش نہیں کر سکی۔