اشفاق سعید+اویس فاروقی
سرینگر +بانڈی پورہ // شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے وادی گریز کو جوڑنے والے سب سے اونچے پاس رازدان ٹاپ پر بدھ کو برف باری ہوئی، تاہم حکام کے مطابق سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔سنتھن ٹاپ کوکر ناگ میں بھی ہلکی برفباری کی اطلاعات ہیں۔ایک اہلکار کے مطابق تقریباً 12000 فٹ کی بلندی پر واقع چوٹی، جو کہ خوبصورت وادی گریز کے لیے گیٹ وے کا کام بھی کرتی ہے، پررات بھر کی بارش اور گرج چمک کے بعد ہلکی برف باری ہوئی ۔ایس ڈی ایم گریز نے کہا کہ برف باری کے باوجود سڑک کھلی ہے۔بی آر او نے 12 مارچ کو گریز جانے والی سڑک کو کھول دیا تھا۔ادھر کشتواڑ کو وادی سے ملانے والی سڑک پر سنتھن ٹاپ کے مقام پر بھی ہلکی برفباری ہوئی۔البتہ زوجیلا پر صرف بارشیں ہوئیں۔ادھرموسمیات کی پیشگوئی کے مطابق منگل کودیر رات اور بدھ کوصبح سویرے جموں و کشمیر کے بیشترمقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ آج14اپریل کی شام تک کو کشمیر اور جموں کے کئی مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہاکہ ہلکی سے درمیانی بارش کا اگلا مرحلہ 20اور21 اپریل کے دوران متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرینگر میں بدھ کی صبح ساڑھے8 بجے تک5.3 ملی میٹر بارش ہوئی اورگزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت11.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں9.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔کوکرناگ میں 1.2 ملی میٹر،پہلگام میں بدھ کی صبح ساڑھے8 بجے تک 6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ میں بدھ کی صبح ساڑھے8 بجے تک 7.8 ملی میٹر بارش ہوئی، کپواڑہ قصبے میں7.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جموں ضلع میں بارش نہیں ہوئی اور وہاں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت24.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا۔تاہم بانہال میں بدھ کی صبح ساڑھے8 بجے تک2.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ کاکہناہے کہ اس سال مارچ میں کسی مضبوط مغربی خلل یا بحیرہ روم سے چلنے والی ہواؤں کی عدم موجودگی کی وجہ سے جموں و کشمیر میں زیادہ تر 80 فیصد کم بارش ہوئی۔ جموں اور سرینگر زیادہ تر خشک تھے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پچھلے مہینے جموں شہر میں معمول کی 68ملی میٹر کے مقابلے میں صرف 2.1 ملی میٹر بارش ہوئی اور سرینگر میں 117.6 ملی میٹر کے مقابلے میں21.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر الود رہ سکتا ہے۔ اس دوران کہیں کہیں بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 اور14 اپریل کو بھی مطلع ابر آلود ر ہے گا اور اس دوران کئی مقامات پر بارشیں بھی متوقع ہیں۔