سرینگر //وادی میں اتوار کو بارشوں کے ساتھ ہی شہر خاص کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئیں ۔شہر خاص کے بابہ ڈیمب، خانیار، بڈو باغ، گوجوارہ، راجوری کدل اور دیگر کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ۔ خانیار سے تعلق رکھنے والے جاوید احمد بٹ نے کہاکہ خانیار سے بڈو باغ سے لیکر خانیار چوک تک سڑک پر بڑے کھڈوں کی موجود گی کی وجہ سے سڑک تالابوں میں تبدیل ہوجاتی ہے ۔ جاوید احمد نے بتایا کہ مذکورہ سڑک میں بارش کے موسم میں حادثات بڑھ جاتے ہیں۔بابہ ڈیمب خانیار میں رہنے والے عارف احمد نامی نے کہا کہ بارشوں میں ناکارہ ڈرینج نظام کی وجہ سے گندہ پانی گھروں میں داخل ہوجاتا ہے جس سے مقامی لوگوں کا وہاں رہنا مشکل ہوجاتا ہے۔ عارف احمد نے بتایا کہ اگر نالہ امیر خان میں کھدائی کا کام جاری ہے مگر نالے سے نکلنے والی مٹی نے علاقے میں بد بو پھیلائی ہے جس نے بارش کے موسم میں سخت لوگوں کا چلنا پھرنا دو بھر کردیا ہے۔ شہر خاص کے گوجوارہ ، راجوری کدل اور نوہٹہ کی کئی گلیوں میں بارشوں کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا جبکہ شہر سرینگر کے تجارتی مرکزی لالچوک میں بھی کئی جگہوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ مذکورہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے میونسپل حکام سے گزار ش کی کہ وہ سڑکوں سے پانی نکالنے کیلئے فوراً اقدامات کریںتاکہ سکولی بچوں، بزرگوں اور دیگر راہگیروں کو مشکلات کا سامنا نہ لرنا پڑے۔