بارشیں ،طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری|شوپیان میں ماںبیٹا لقمۂ اجل

اشفاق سعید
سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات  بعد دوپہر تیز ہوائیں چلیں اورکئی علاقوں میں طوفانی باد باراں اور ژالہ باری کی وجہ سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ شوپیان میں درخت گرنے اور کنگن میں خیمے اکھڑنے سے ماں بیٹا لقمہ اجل اور 4افراد زخمی ہوئے۔ادھر بارہمولہ اور کنگن میں سیلابی پانی ایک سکول اور نصف درج رہائشی مکانوں میں گھس گیا جبکہ پونچھ میں بجلی گرنے سے مکان خاکستر ہوا۔

جنوبی کشمیر

 شوپیان سے شاہد ٹاک کے مطابق زبن گلی کاٹھو ہالن کیلرعلاقے میں بدھ کی رات دیر گئے اس وقت کہرام مچ گیا جب تیز ہوائوں کے نتیجے میں رہائشی ٹینٹ پر درخت گر جانے سے ماں بیٹے کی ہلاکت ہوئی جبکہ دو دیگر اہل خانہ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات تیز ہواؤں کے دوران شوپیان کے جنگلاتی علاقے میں ایک درخت خیمے پر گر گیا۔ اس واقعہ میں شریفہ بانو زوجہ نکہ کٹاری  اور انکا بیٹا ادریس احمد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ نکہ کٹاری اور ان کی بیٹی  زخمی ہوئے ،جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ ضلع شوپیان ، پلوامہ ، اننت ناگ اور کولگام کے بیشتر علاقوں میں  تیز آندھی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ تیز اندھی کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑگئے۔

وسطی کشمیر

جمعرات کو تھیون کنگن علاقے میں بعد دوپہر تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ شدید بارشوں کی وجہ سے پانی گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ پورہ تھیون کی عمارت میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے اسکولی عمارت کی نچلی منزل زیر آب آگئی اور اسکا فرش وغیرہ خراب ہوگیا۔اسکے علاوہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ تیز ہوائوں سے منی گام میں محکمہ صحت کی طرف سے  امرناتھ یاتریوں کے لئے لگائے گئے عارضی میڈیکل کیمپ کے خیمے بھی اکھڑ گئے، جس کے نتیجے میںمحکمہ صحت کا ایک ملازم معمولی زخمی ہوگیا ۔شہر سرینگر میں جمعرات  بعد دوپہرتیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ رم جم بارشیں بھی ہوئیں۔ وادی کے شمال و جنوب میںکئی مقامات پر ژالہ باری کی وجہ سے میوہ جات کو نقصان ہوا۔

شمالی کشمیر

بارہمولہ سے نمائندے فیاض بخاری کے مطابق ضلع کے درجنوں علاقوں میں تیز ہوائوں اور کئی مقامات پر زبردست ژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلوں اور سیب کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ۔ باخی پورہ رفیع آباد میں بادل پھٹنے کے واقعات میں محمد مقبول لون ، عبدالرشید نجاز ، منظور احمد اور عبدالرحمان کے 4رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ،جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آئی اور بھاری بھر کم پتھر بھی پانی کے ریلوں کیساتھ آئے۔سیلابی ریلے کی وجہ سے رائوجہ علاقے کے کھیت کھیلانوں کو نقصان پہنچا ۔ٹنگمرگ سے نمائندہ مشتاق الاسلام کے مطابق  گلمرگ میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی جبکہ ٹنگمرگ میں بارشیں ہوتی رہیں ۔بانڈی پورہ کے متعدد علاقوں میں دوپہر کے بعد شدید آندھی کے بعد ژالہ باری ہوئی جو کئی منٹوں تک جاری رہی ۔تازہ ژالہ باری سے دھان کی پنیری ، سبزیوں کی کباڑیاں او ر دیگر میوہ جات کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔

منڈی پونچھ

 منڈی پونچھ کے چکھڑی بن علاقے میں بجلی گرنے سے ایک مکان خاکستر ہوا۔ یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا۔دوران شب بادل پھٹ گئے اور گرج چمک کیساتھ دین محمد ولد میر باز کے دو منزلہ مکان پر بجلی گری جس سے مکان مکمل طور پر خاکستر ہوا۔پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے اہل خانہ کو بچایا ورنہ بہت بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔اس علاقے میں کوئی سڑک رابطہ نہیں ہے۔