عشرت حسین بٹ
پونچھ//خطہ پیر پنچال میںجمعہ کو شدید بارش اور سردی کے بیچ جموں کے سر مائی تعلیمی زونوں کے تحت پڑنے والے تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل شروع ہو گیا۔ بتا دیں کہ 11دسمبر 2023 کو جموں صوبہ کے سرمائی زون کے تحت پڑنے والے سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جمعہ یکم مارچ کوان تعلیمی اداروں کو تدریسی عمل کے لیے کھول دیا گیا۔ اگر چہ شدید بارش اور سردی کی وجہ سے طلباء و طالبات کی سکولوں میں حاضری کم دیکھنے کو ملی مگر اساتذہ نے کم تعداد بچوں میں تعطیلات کے پہلے دن تدریس کا عمل شروع کیا ۔ ادھر طلباء و طالبات کے والدین نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ موسمی حالات خراب ہونے کی وجہ سے کشمیر صوبہ میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں چار مارچ تک اضافہ کیا ہے لیکن جموں کے سرمائی زون میں ایسا نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبہ میں بھی جمعہ کی صبح سے ہی میدانی علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے اور پہاڑی علاقوں میں کم درجے کی برف باری ہو رہی ہے جسکی وجہ سے سردی میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔ والدین کا کہنا تھا کہ اس شدید سردی میں بچے سکولوں کی طرف نہیں جا سکتے۔ والدین نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی کی طرز پر جموں کے سرمائی زون تعلیمی اداروں میں موسم میں بہتری آنے تک تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔
پونچھ میں برف و باراں کا تازہ سلسلہ شروع
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح سرحدی ضلع پونچھ کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ ضلع کی مختلف تحصیلوں کے مختلف پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جاری ہیں۔دریں اثنا شہر خاص پونچھ میں جمعہ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور مطلع ابر آلود رہا۔ ناسازگار موسمی حالات سے قدرے سردی محسوس کی گئی جس سے بچنے کے لئے لوگوں نے موسم سرما میں استعمال کیے جانے والے گرم لباس زیب تن کئے، جبکہ دکاندار اپنی دکانوں کے باہر آگ جلا کر اس سے گرمی محسوس کرتے ہوئے دکھائی دیے۔