بابر، کمنز آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لئے نامزد

 دبئی/پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ کپتان کریگ بریتھویٹ کو مارچ کے مہینے کے لئے مینزکیٹگری میں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔خواتین کی کیٹیگری میں انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹون، آسٹریلیا کی ریچل ہینس اور جنوبی افریقہ کی لورا ولوارڈٹ کو منتخب کیا گیا ہے ۔ دونوں کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کو پچھلے مہینے ان کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیاہے ۔ فاتحین کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔بابر کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں ٹیم کی 2-1 سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے سیریز میں ایک سنچری اور دو شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے اس سے قبل کی ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 390 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں 196 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلی تھی جس کی وجہ سے پاکستان میچ ڈرا کرانے میں کامیاب ہواتھا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب بابر کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اپریل 2021 میں یہ ایوارڈ جیتا تھا۔کمنز کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں خطرناک باؤلنگ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 56 رنز کے عوض پانچ اور دوسری میں 23 رن پرتین وکٹیں لے کر ٹیم کو سیریز میں کامیابی دلائی۔بریتھویٹ نے انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 85.25 کی اوسط سے 341 رنز بنائے ۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز میں مضبوط اسکور کے خلاف 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس سے میچ ڈرا ہو گیا۔