محمد تسکین
سرینگر+بانہال// انسداد رشوت ستانی بیورو نے KPDCL سب ٹرانسمیشن ڈویژن سوپور کے ایگزیکٹو انجینئر کے دفتر میں ایک کیشئر کو ایک شکایت کنندہ کی سیکیورٹی ڈیپازٹ کی واگزاری کے لیے 9000 روپے کی رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ اے سی بی کو ایگزیکٹیو انجینئر سوپور کے دفتر میں محمد شفیع بٹ سینئر اسسٹنٹ کم کیشئر کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ 15560 روپے کی زر ضمانت رقم کے اجرا کے لیے وہ 10,000 روپے کی رشوت طلب کررہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ حضرت بل سرینگر میں میسرزپرنٹ پلس نام کی ایک فرم چلا رہا ہے اور اس نے 2021 میں ایگزیکٹو انجینئر سوپور کے دفتر کو اسٹیشنری اشیاء اور لاگ بکس فراہم کی تھیں جس کے لیے سپلائی کی گئی اشیا ء بل کی ادائیگی کے بعد فراہم کی گئی لیکن 15,560 روپے کی سیکورٹی ڈیپازٹ کی رقم باقی رہی۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ اس نے کئی بار محکمہ سے سیکورٹی رقم کے اجرا کے لیے رابطہ کیا لیکن محمد شفیع کسی نہ کسی بہانے تاخیر کرتے رہے اور آخر کار ایسا کرنے پر ان سے 10000 روپے رشوت طلب کی ۔ اس نے تحریری شکایت کے ساتھ اے سی بی سے رجوع کیا جس میں رشوت طلب کرنے پر کیشئر کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔چنانچہ سیکشن 7 کے تحت کیس زیرنمبر9/2024اس کے خلاف درج کیا گیا تھا اور تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔”تفتیش کے دوران ملزم سرکاری ملازم کو شکایت کنندہ سے رشوت مانگتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ قانونی ضابطے کی تکمیل کے بعد اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی‘‘۔
بانہال
ادھر اینٹی کورپشن بیورو نے پیر کی دوپہر تحصیل دفتر بانہال پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔تحصیل آفس بانہال میں نوگام سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شکایت پر اینٹی کورپشن بیور وکی ایک ٹیم نے چھاپہ مارا اور محمد اسحاق بٹ نامی جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ گرفتار کئے گئے ملازم محمد اسحاق بٹ نے زمین کے ایک تنازع میں کسی ایک فریق سے 18000روپے کی رقم بطور رشوت وصول کی اور اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ۔گرفتار کرکے اسے جموں لیجایا گیا ۔ اینٹی کورپشن بیورو کی ایک ٹیم نے محمد اسحاق کی رہائش واقع چریل بانہال اور جموں میں بھی چھاپے مارے اور اس کے بنک کھاتوں کی بھی جانچ کی گئی۔ ٹیم نے رقم کے علاوہ کچھ دستاویزات بھی اپنی تحویل میں لیکر مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔