اے سی بی کی جموں میں کارروائی رشوت لیتے ہوئے فاریسٹر اور فاریسٹ گارڈ گرفتار

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے جموں میں رشوت لیتے ہوئے فاریسٹر اور فاریسٹ گارڈ گرفتار کیا۔بیوروکو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا کہ سرکاری ملازمین یعنی راش پال سنگھ (بی او)فارسٹر اور اودیش سنگھ، فاریسٹ گارڈ نے “باڑ لگانے کا کام، ماوا” کام کا بل جاری کرنے کے لیے 15000 روپے کی رشوت طلب کی ہے۔ شکایت کنندہ رشوت دینا نہیں چاہتا تھا اور ملزم سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا ۔شکایت موصول ہونے پر، ایک محتاط تصدیق کی گئی، جس سے متعلقہ سرکاری ملازمین کی طرف سے رشوت کے مطالبے کی تصدیق ہوئی اور اسی کے مطابق، ایک مقدمہ زیرنمبر 13/2024 کے تحت بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ، 1988 اور سیکشن 61(2) 14.09.2024 کو پولیس سٹیشن جموں میں بی این ایس درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔تفتیش کے دوران، ایک ٹریپ ٹیم جس کی سربراہی ڈی ایس پی رینک کا افسرکررہا تھا، نے ایک کامیاب جال بچھا یا اور ملزم سرکاری ملازمین کو شکایت کنندہ سے آزاد گواہوں کی موجودگی میں 15,000 روپے کی رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ دونوں ملزمین کو قانونی کارروائی کے بعد اے سی بی کی ٹیم نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ ٹریپ ٹیم سے وابستہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں ان کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ علاوہ ازیں آزاد گواہ اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں دونوں ملزمان کے رہائشی گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔