سرینگر// سالویشن مومنٹ کے سربراہ ظفر اکبر بٹ نے مزاحمتی خیمے میں اتحاد کی وکالت کرتے ہوئے ایک قائد ،ایک آواز اورایک پلیٹ فارم تشکیل دینے پر زور دیا۔دورئہ پاکستان کے بعد سرینگر میںایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اکبر نے کہا’’ اگر مزاحمتی خیمے میں اتحادہوجائے تو ہم اپنے اس خون کی بہار ضروردیکھیں گے‘‘۔انہوں نے کہا’’ اپنے دورئہ پاکستان کے دوران میں نے اس بات کو شدت سے محسوس کیاکہ ہمیں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہوگا‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ہمیں ایک قائد ،ایک پرچم اور ایک موقف،ایک ہی حریت کانفرنس پیلٹ فارم جس میں قربانیاں دینے والے سبھی لوگوں کی نمائندگی شامل ہو ‘‘۔ ظفر اکبر نے خبردار کیا’’اگر اس بہتے خون کو دیکھ کر ہم نے خود کو بدلنے کی کوشش نہ کی اور ایک سنجیدہ فکر اختیار کرتے ہوئے کوئی موثر لائحہ عمل طے نہ کیا تو ہم بکھرجائیں گے اور نوجوانوں میں مایوسی کے آثار ظاہر ہوں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے دورے کے دوران انہوں نے صدر مسعود احمد خان،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدرسمیت کئی رہنمائوں سے بات چیت کی ۔