بشارت راتھر
کوٹر نکہ// بڈھال گائوں میں پر اسرار اموات کی ایک غیر معمولی صورتحال کے بیچ متاثرہ خاندان کے ایک اور نوجوان کو منگل کی شام ہسپتال میں داخل کیا گیا۔جی ایم سی راجوری میں داخل محمد اسلم کے بھانجے25سالہ اعجاز احمد ولد عبدالمجید کے پیٹ میں درد، بخار اور پیشاب بند ہونے کی شکایت کی بنا پر اسے فوری طور پر جی ایم سی راجوری منتقل کردیا گیا۔اعجاز احمد اسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو17 پر اسرار ہلاکتوں سے متاثر ہوا ہے۔اعجاز احمد کے بارے میں جی ایم سی راجوری کے حکام کا کہنا ہے کہ اسکی وہی علامتیں ہیں، جو پہلے فوت ہوئے افراد میں ابتدائی طور پر پائی گئی تھیں۔ حکام نے بتایا کہ دن میں اعجاز احمد بالکل ٹھیک ٹھاک تھا، لیکن 3بجے اچانک اسکی طبیعت بگڑ گئی اور ایک دم سے بخار، پیٹ میں درد اور پیشاب بند ہوا۔راجوری ہسپتال پہنچنے کے فوری بعد ضلع ترقیاتی کمشنر اور ضلع کے دیگر افسران یہاں پہنچ گئے اور فیصلہ کیا گیا کہ اسی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے چندی گڑھ منتقل کیا جائیگا۔ شام دیر گئے تک اسکی حالت جوں کی توں تھی ۔