این سی کارکنان ہی حقیقی ’مجاہد‘:ساگر

بارہمولہ//پارٹی کارکنان کو حقیقی مجاہد قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے بتایا کہ پارٹی ورکران وادی کشمیر میں امن کی فضا کو سازگار بنانے کی خاطر سخت محنت کررہے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے منگل کو شمالی کشمیر بارہمولہ کے خواجہ باغ علاقے میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران پارٹی کارکنان کو حقیقی مجاہد کا خطاب دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ ورکران وادی کشمیرمیں امن کی فضا کو سازگار بنانے اور یہاں بگڑے ہوئے حالات کو پٹری پربحال کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا پارٹی سے وابستہ کارکنان یہاں امن کو بحال کرنے کی خاطرکڑی محنت کررہے ہیں۔ ’’این سی لیڈران اور کارکنان وادی کشمیرمیں امن کو بحال کرنے کی خاطر سخت محنت کررہے ہیں، ہمارے کارکنان حقیقی مجاہد ہیں‘‘۔انہوںنے خطاب کے دوران کہا کہ پارٹی کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے لیے وقف رکھی تھی۔ مرحوم شیخ عبداللہ نے لوگوں کو زمین اور تعلیم فراہم کی لیکن خود لوگوں کے لیے زینت زندان بننا پسند کیا۔ آج جو لوگ ہمارے اُوپر انگلیاں اُٹھارہے ہیں انہیں پہلے اپنے گریبان میں جانکنے کی ضرورت ہے، ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لیے جدوجہد کی ہے۔ ساگر نے ریلی میں شامل کارکنان سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’’آپکی تنظیم مجاہدوں کی جماعت ہے، حقیقی مجاہد‘‘۔انہوںنے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ریاستی کی تعمیر و ترقی اور یہاں امن کو بحال کرنے کے لیے تعاون ہر ایک کے سامنے عیاں ہے۔ ہماری پارٹی وادی کشمیر کی تینوں پارلیمانی نشستوں سے الیکشن جیتے گی۔ خیال رہے پی ڈی پی صدر محبو بہ مفتی نے بھی گزشتہ ہفتے پارٹی کارکنوں کو ’’ حقیقی مجاہد‘‘ قرار دیا تھا۔