سرینگر/نیوز ڈیسک/ نیشنل کانفرنس نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد فراہم کریں۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مفلوک الحال لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کریں اور کورونا سے لڑنے کیلئے ہر قسم کی معاونت انہیں فراہم کریں۔عمر عبداللہ نے جموں کے پارٹی لیڈروں سے ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا’’ہم غیر یقینی صورتحال میں ہیں،جو ہمیں آپسی وحدت اور صبر پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے،جو کہ ہمارے تابناک وجود کی علامت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انسانیت کی بقا کو جو چیلنج درپیش ہے اس میں یہ وقت معاشرے پر سیاست یا انفرادی بالا دستی کا نہیں۔عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی طبقے کو صرف ووٹوں کی طلب گار ہونے کی نگاہ سے سماج کی طرف سے نہ دیکھا جائے،بلکہ انہیں لوگوں کے مصائب و مشکلات کا مصائب کا اشتراک کرنے میں بھی ہراول دستے کے طور پر بھی رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا سیاسی فلسفہ روز اول سے یہی ہے،اور تاریخ اس کی گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس نے اہم و حساس مواقعوں پر درپیش چیلینجوں کا کس طرح مقابلہ کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش سے جموں و کشمیر کے طلبا کی ہوائی جہاز سے منتقل کرنے کا ذکر کیا اور توقع ظاہر کی کہ عمان ، دبئی ، ایران اور دیگر ممالک سے پھنسے ہوئے لوگوں کو لانے میں بھی اسی طرح کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسی طرح سے ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ ہوئے افراد کو بھی واپس لایا جائے۔ صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کی خدمت کیلئے وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلک وائرس کے پیش نظر تمام ضلع و بلاک یونٹوں کو ضرورت مندو ںکی مدد کرنے کیلئے متحرک کیا گیا ہے۔
این سی ورکر عوامی مدد گار بنیں | عمر عبداللہ کی پارٹی کارکنوں سے تلقین
