این سی لیڈران نے برف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

پونچھ//نیشنل کانفرنس سنیئر لیڈران نے پونچھ ضلع میں برفباری اور بارش سے متاثر ہوئے علاقوں کا دورہ کر کے عوامی مشکلات و انتظامیہ کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔خراب موسمی حالات اور بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے لوگوں کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے یوتھ این سی کے صوبائی صدر، اعجاز جان کی سربراہی میں نیشنل کانفرنس کی ایک ٹیم نے ضلع کے کئی برفانی علاقوں کا دورہ کیا۔دورہ کرنے والے رہنماؤں نے ان علاقوں کے مکینوں سے ملاقات کی جس کے دوران مقامی لوگوں نے بنیادی سہولیات شدید قلت کے سلسلہ میں اپنی شکایت درج کروائی ۔این سی لیڈران نے موجودہ حکومتی انتظامیہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ برف باری والے علاقوں میں مٹی کے تیل کا ذخیرہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ راشن کا ذخیرہ بھی نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے  مزید کہا کہ دیہی علاقوں کی سڑکوں کی حالت خستہ ہو رہی ہے جبکہ حکام کاغذی سطح پر کنٹرول روم قائم کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس صورتحال میں ذاتی مداخلت کر کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی تلقین کریں ۔