سرینگر //ریاست میں طبی نگہداشت اور طبی خدمات میں مزید بہتری لانے کیلئے نیشنل ہیلتھ مشن جے اینڈ کے نے ایک ریکارڈ وقت میں 111 ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کی سلیکشن فہرست جاری کی ہے ۔ ان اسامیوں کیلئے برسرِ موقعہ انٹر ویو کا عمل جموں اور سرینگر میں چار اور 6 جولائی کو ہوا تھا ۔ سلیکشن لسٹ میں شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے سلیکشن فہرست انٹر ویو کے روز ہی جاری کی گئی ۔ منتخب کئے گئے ڈاکٹروں کو ریاست کے مختلف طبی اداروں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ این ایچ ایم جے اینڈ کے کے مشن ڈائریکٹر بوپندر کمار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت تقرریوں کے معاملے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں شرح اموات کا 5 سے کم کا ہدف پہلے ہی حاصل کیا جا چکا ہے اور 2022 تک ایک ہندسے کا آئی ایم آر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے صحت و طبی تعلیم محکمہ نے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو کی سربراہی میں ایک نقشہ راہ تیار کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ این ایچ ایم ہُنر مند طبی عملے کو دور دراز اور دیہی علاقوں میں تعینات کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے تا کہ ان علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی کو مزید مستحکم کیا جائے ۔