اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائی

سرینگر // اینٹی کرپشن بیورو (ACB)نے پٹواری حلقہ برین نشاط اور چوکیدار کو ایک شخص سے 10 ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اے سی بی نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ پٹواری حلقہ برین نشاط عاصف فاروق وانی اور چوکیدار نذیر احمد ڈارنے اُس سے نقشہ انتخاب کے حصول کے لئے دس ہزار روپیہ کی رشوت طلب کی ۔شکایت موصول ہوتے ہی اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 8/2022 زیر دفعہ 7پی سی ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ راشی پٹواری کو پکڑنے کی خاطر بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران چوکیدار نذیر احمد ڈار کو دس ہزارروپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ بیورو نے بتایا کہ گرفتار شدہ چوکیدارنے سائل سے دس ہزا رروپیہ کی رقم پٹواری حلقہ برین نشا ط سرینگرکو دینے کے لئے سائل سے وصول کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں دونوں سے رشوت کی رقم ضبط کی گئی اور فوری طورپر راشی پٹواری اور چوکیدار کے رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی ۔