بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر انٹر یپرینورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کی تشکیل نو کیلئے صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کو منظوری دی۔ سرکاری حکم نامہ کے مطابق6رکنی کمیٹی میں محکمہ محنت و روزگار کے کمشنر سیکریٹری،محکمہ فروغ ہنر کے ڈائریکٹر، جموں کشمیر انٹر پرینرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کے ڈائریکٹر، جموں کشمیر انٹر پرینرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ سے کسی مضمون کے ماہر اور محکمہ خزانہ کے نمائندے،جو ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے کم نہ ہو، ممبران کے فرائض انجام دیں گے۔ پرنسپل سیکریٹری عمومی انتظامی محکمہ،منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق اس کمیٹی کو2030کے دستاویزی ویژن کا جائزہ لینے کا اختیار تفویض کیا گیا ہے،جبکہ کمیٹی جائزہ شدہ تنخواہ کا ڈھانچہ اور ترقیوں کے ضوابط مرتب کرے گی۔ حکم نامہ کے مطابق کمیٹی جموں کشمیر انٹر پرینرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ میں غیر بینکنگ مالیاتی کاروبار اور قرضہ دینے والے بنکوں کی شمولیت کا بھی جائزہ لے گی۔ آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ6نفری کمیٹی یوتھ اسٹارٹ اپس اینڈ لون سکیمس کے تحت ادائیگی میں رقومات کے استعمال میں بھی رہنما خطوط مرتب کریں گی اور مزید کاروائی کیلئے انسٹی چیوٹ کے آڈٹ رپورٹ کا بھی معائنہ کرے گی۔