ایل جی بننے کا شوق نہیں ،عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں: آزاد دوبارہ مینڈیٹ ملا تو4شفٹوں میں ترقیاتی کام ہوں گے

 شوکت حمید

سرینگر//ڈیمو کریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ مجھے ایل جی بننے کا کوئی شوق نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت میری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں میونسپل پارک جواہر نگر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا’ کچھ دنوں سے ملک میں یہ افواہ ہے کہ مجھے جموں و کشمیر کالیفٹیننٹ گورنر بنایا جارہا ہے ،جو کہ حقیقت نہیں ہے ،میںجموں و کشمیر میں نوکری کرنے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے آیاہوں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی سیاست میں ان کی واپسی کا مقصد جموں و کشمیر کو امن اور خوشحالی کا مرکز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے راجیہ سبھا کی نشست اور دیگر محکموں جیسی بہت سی پیشکشوں کو صرف اس لیے ٹھکرا دیا کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں عام لوگوں کے تحفظات کو بانٹتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو تمام سماجی اقتصادی مسائل کو حل کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ان کے وزیر اعلیٰ کے دور کو ترقی کے سنہری دور کے طور پر یاد کرتے ہیںاور اگر آئندہ انتخابات میں انہیں دوبارہ مینڈیٹ ملا تو ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز ہو جائے گی۔

 

آزاد نے کہا کہ اس بار تین شفٹوں میں نہیں بلکہ چار شفٹوں میں ترقیاتی کام ہوں گے جس سے ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوںکے لیے ملازمت کے مواقع بڑھیں گے۔ آزاد نے کہا کہ جذبات سے کھیلنے اور ذاتی فائدے کے لیے اقتدار حاصل کرنے کے بجائے عوام کے ساتھ جڑنا اور صحت مند سیاست کا آغاز کرنا ضروری ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرا فرض اور ذمہ داری ہے کہ میں اپنے لوگوں کو امن، خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کروں تاکہ تمام آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو۔انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال میں لوگوں اعتماد نے پارٹی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے اور یہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے کہ صرف 12 مہینوں میں ڈی پی اے پی ایک گھر کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پچھلے کئی برسوں سے اسمبلی چناو نہیں ہو رہے جو بدقسمتی ہے۔آزاد نے کہا لوگ الیکشن کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے ہیں اور یہاں تک کہ کئی داعی اجل کو لبیک بھی کہہ گئے لیکن سرکار کی جانب سے اسمبلی چناو کرانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا جا رہا۔آزاد نے کہاکہ آجکل سیاست کاروبار بن گیا ہے ، آئے روز لو گ پیسوں کے عوض ایک پارٹی کو خیر بادکہہ کر دوسری میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اگر انہیں جموں وکشمیر کے لوگوں کا سپورٹ ملا تو یہاں انقلاب آئے گا۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ اگر میری پارٹی میں کسی کو شمولیت اختیار کرنی ہے تو وہ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہاں قربانی دینی ہے کیونکہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔منشیات کے بارے میں آزاد نے کہاکہ اس کا خاتمہ کرنے کی خاطر سب کو مل کر لڑائی لڑنی ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے کاروبار کے ذریعے جن لوگوں نے کروڑوں روپیہ بنائے ہیں انہیں پھانسی پر لٹکانا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ لوگ نشے کی بنا پر کروڑ پتی بن گئے ہیں لیکن وہ سماج کے قاتل ہیں۔ اس موقع پر بانڈی پورہ سے کانگریس کے ورکنگ صدر بشارت بوہرو، غلام رسول سابق چیئرمین ایم سی سوپور نے ڈی پی اے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر تاج محی الدین،جی ایم سروری ، چوہدری ہارون کھٹانہ ، محمد امین بٹ، سلمان نظامی، گلزار وانی ،ایڈووکیٹ سلیم پرے ،شفیق شبنم،پیربلال ، سجادہ بشیر،عامر بٹ، خالد طفیل اور دیگرلیڈر موجود تھے۔