ایل او سی پر درانداز کو حراست میں لیا گیا

 
مینڈھر//پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی تحصیل ہجیرہ سے تعلق رکھنے والے ایک درانداز کو پونچھ ضلع کے مینڈھر بلنوئی علاقہ میں لائن آف کنٹرول پر حراست میں لیا گیا ہے۔حراست میںلئے گئے درانداز کو اب تفتیش کیلئے سیکورٹی فورسز کے کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل منکوٹ کے بلنوئی حدمتارکہ پر تعینات فوجی اہلکاروں نے حد متارکہ عبور کر چکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شخص چپکے سے گھسنے کی کوشش کر رہا تھا جب چوکس فوجی دستوں نے اس کوشش کو دیکھا، درانداز کو روکا اور حراست میں لے لیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حراست میں لیا گیا درانداز ایک نوجوان ہے جس کی عمر 27سال کے لگ بھگ ہے اور وہ پاکستان کے علاقے ہجیرہ کا رہائشی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ در انداز کو آرمی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس کی ایک ٹیم کو بھی موقع پر پہنچ گئی ہے جس کے بعد مشترکہ طورپر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔