بھدرواہ //منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ایس ڈی پی او بھدرواہ افتخار احمد نے بھدرواہ پولیس اسٹیشن میںپیرکے روز قصبہ کے دوافروشوںکے ساتھ ایک اجلاس کا اہتمام کیا ، جس میں علاقہ کے20 دوا فروشوںنے شرکت کی ۔اجلاس میں شرکا کو منشیات کی بدعت کا خاتمہ کرنے کے لئے انکا تعاون طلب کیا۔اجلاس میں شرکا نے اپنا نقطہ و نگاہ پیش کیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںایس ڈی پی او نے کہا کہ منشیات کی بدعت سماج کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سماج کا ہر کوئی طبقہ ا س بدعت کے خاتمہ کیلئے آگے آئے ۔ انہوں نے کہا چنانچہ کیمسٹ ایسو سی ایشن منشیات فروشوں کی پہچان کرنے میں ایک اہم رول نبھا سکتی ہے،اسلئے انہیں آگے آکرپولیس کے ہاتھ مستحکم بنانے چاہیں،تاکہ سماج سے اس بدعت کا خاتمہ ہو سکے۔ایس ڈی پی او نے مزید کیمٹوں سے کہا کہ وہ انسولین سیرینج اور ادویات نوجوانوں کو نہ بھیچیں کیونکہ وہ اسکا ناجائز استعمال کر سکتے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹروں کی پرچی پر ہی ادویات بھیچنے کو کہا۔کیمسٹ ایسو سی ایشن نے پولیس کو اس سلسلہ میں مکمل تعاون دینے کا یقین دلایا ۔