زاہد بشیر
گول//سب ڈویژنل مجسٹریٹ گول امتیاز احمد نے گول کے گھوڑا گلی سے داچھن سڑک پر جاری بلیک ٹاپنگ کام کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا اور استعمال ہونے والے معیاری مواد اور بروقت کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔سڑک کے معائنے کے علاوہ ایس ڈی ایم نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) گول کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے حاضری رجسٹر چیک کیا، مریضوں کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور عملے و مریضوں سے براہِ راست بات چیت کر کے ان کے تاثرات جاننے کی کوشش کی ۔ایس ڈی ایم نے ہسپتال کے اندر اور اردگرد صفائی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت دی کہ عوام کو تمام ضروری طبی سہولیات مؤثر انداز میں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے میڈیکل عملے کو پابندیِ وقت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دینے کی بھی تاکید کی۔