عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس میں سپیشل پولیس آفیشلز(ایس پی اوز)کے حوصلے اور فلاح و بہبود کو بڑھانے کیلئے ایک اہم اقدام میں حکومت نے ان کے ماہانہ مشاہرہ میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔نئے ماہانہ مشاہرہ کی شرحیںاس طرح ہونگی۔نئے بھرتی کئے گئے ایس پی او ز12,000،پانچ سال کی سروس رکھنے والے ایس پی اوز18,000ماہانہ،جن ایس پی اوز کی سروس دس سال ہوگی وہ ماہانہ 24,000 اور پندرہ سال یا اس سے زیادہ سروس والے ایس پی اوز30,000ماہانہ مشاہرہ حاصل کریں گے۔اس فیصلے کا مقصد ایس پی اوز کی نمایاں شراکت کو تسلیم کرنا ہے، جو جموں و کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور باقاعدہ پولیس فورس کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا’’ایس پی اوز جموں و کشمیر میں سیکورٹی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو اکثر مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ یہ نظرثانی شدہ مشاہرہ اس بات کو یقینی بنانے کی طرف ایک قدم ہے کہ انہیں ان کی خدمات اور لگن کیلئے منصفانہ پہچان ملے‘‘۔ایس پی اوز اور ان کے اہل خانہ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔