ایس ایم سی میئر انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب

 سرینگر// سرینگر مونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظم متو کوسرینگر پارلیمانی نشست کیلئے انتخابی ضوابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کیلئے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔نوڈل افسر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متو کو کارپوریشن کے کارپوریٹروں میں تقسیم کئے گئے تمام موبایل فونوں کو پیش کرنے اورانتخابی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کیلئے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ایس ایم سی میئر کو جمعہ کے روز ایک مکتوب زیر نمبر ADC/LS-ELEC-2019-476-79 محرر12اپریل2019جاری کیا جس میں یہ ہدایت دی گئی۔مکتوب کے متن میں کہا گیا’’ نیشنل کانفرنس کے امیدوار کے چیف پولنگ ایجنٹ شوکت احمد میر نے چیف الیکٹورل افسر جموں کشمیر کو ایک شکایت پیش کی ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے سرینگر مونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹروں میں سمارٹ موبائل فون تقسیم کئے ہیں،جبکہ سماجی میڈیا  ٹیوٹر ہینڈل پر میئر آف سرینگرکا مشاہدہ کرنے کے دوران اس کی تصدیق بھی ہوئی۔‘‘ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے’’ آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ فوری طور پر آپ تقسیم شدہ سمارٹ موبایل فونوں کو اس(ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر) کے دفتر میں آج (جمعہ) شام کو جمع کریںاور انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق عدالت عظمیٰ کے مشاہدے کے لحاظ سے اپنابرتائو(پوزیشن) بھی واضح کریں۔‘‘