سری نگر//سوپور فروٹ تاجروں نے پیر کے روز منڈیوں میں ایرانی سیبوں کو فروخت کرنے کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ فروٹ منڈی کو بچاؤ جیسے نعرے بلند کر رہے تھے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ایرانی سیبوں کو ملک کی منڈیوں میں ’غیر قانونی‘ طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ملک میں ایرانی سیبوں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سیبوں کی در آمدگی سے کشمیر کی اس میووہ تجارت کو زبردست دھچکا لگا ہے۔
احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ کشمیر کے سیبوں کی قیمت کافی حد تک گر گئی ہے جس سے اس تجارت سے وابستہ تاجروں اور باغ مالکوں کو نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس سلسلے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔