عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سعودی عرب میں ایام تشریق کا اختتام ہوگیا ہے اور حجاج کرام کی واپسی 20 جون سے شروع ہو نے جارہی ہے۔تاہم جموں کشمیر کے حجاج کی واپسی 22جون سے 29 جون تک ہوگی۔حج کمیٹی نے عازمین کو ائر پورٹ پر لینے کیلئے انکے رشتہ داروں سے کہا ہے کہ وہ آن لائن انٹری پاس کیلئے رجوع کریں۔ادھر مناسک حج کی ادائیگی کے آخری دن بیشترحجاج کرام تینوں جمرات کی رمی کے بعد منیٰ سے رخصت ہو کر مکہ مکرمہ پہنچنے لگے ہیں۔مقامی حجاج نے جدہ، مکہ مکرمہ، طائف، مدینہ منورہ، ریاض اور دیگر شہروں کی طرف روانگی شروع کردی ہے۔منیٰ سے مکہ مکرمہ اپنی رہائش گاہ واپسی کے بعد حجاج اب مدینہ منورہ جائیں گے، مسجد نبوی میں نمازیں ادا کریں گے اور روضہ رسولؐ پر حاضری دیں گے۔حجاج مسجد قباء، مسجد قبلطین اور مقدس مقامات کی زیارت بھی کریں گے۔اندازہ ہے کہ تقریباً 20 فیصد حجاج منیٰ میں قیام کریں گے اور رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہوں گے۔
خانہ کعبہ کا نیا غلاف تیار
سعودی عرب میں خانہ کعبہ کا نیا غلاف ’’کسوہ‘‘تیار کر لیا گیا ہے جو یکم محرم الحرام کو پروقار تقریب میں خانہ کعبہ کی زینت بنایا جائے گا۔ مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کا نیا غلاف، خانہ کعبہ کے خصوصی محافظ کے حوالے کیا۔اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ اور خانہ کعبہ کے نائب چیف محافظ عبدالمک بن طحہ الشیبی نے غلاف کعبہ کی حوالگی کی دستاویز پر دستخط کیے۔غلاف کعبہ کئی دہائیوں سے ہر سال ذوالحجہ کے مہینے میں تبدیل کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ کی تیاری میں سینکڑوں کلو گرام ریشم، چاندی اور سنہری دھاگوں کا استعمال ہوتا ہے۔