مغل شاہراہ پرہوئے حادثے میں 1زخمی
حسین محتشم
پونچھ // تاریخی مغل شاہرہ پر شوپیان سے آتے ہوئے پیر کی گلی سے دس سے پندرہ کلو میٹر پیچھے واٹر فال کے پاس ہفتہ کے روزایک ٹاٹا سومو زیرِ نمبر JK12 ۔4818 جو کہ شوپیان کی جانب جا رہی تھی نے موٹر سائکل زیر نمبر JK02AX 9360- جس پر پونچھ کی جانب سفر کر رہے سید نیاز شاہ کو ٹکر مار دی جسکے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔اس دوران سومو کا ڈرائیور جائے واردات سے غائب ہو گیا۔ وہاں موجود سڑک کا کام کر رہی لیبر و سپر وائزر نے اور مسافروں نے زخمی شخص کی مدد کی اور سومو ڈرائیور کو پکڑ کر گاڑی کے کاغذات جن میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ 2 عدد اور پرمٹ گاڑی 2 عدد شامل ہیں زخمی شخص کو دئے جو ان کے پاس موجود ہیں۔ایک سکارپیو گاڑی پر زخمی شخص کو سرنکوٹ سب ضلع ہسپتال لایا گیا جہاں ان کاابتدائی علاج معالجہ کر کے ضلع ہسپتال پونچھ روانہ کیا۔اس دوران ایس ایچ او سرنکوٹ نے شکایت درج کی جب کہ مزید کاروائی جاری ہے۔
سیڑھی چوہانہ کی سڑک خستہ حالی کا شکار
مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے پہاڑی گائوں سیڑھی چوہانہ کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ضلع ہیڈکوارٹر سے 25 کلو میٹر دور دراز گائوں والی واحد رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع گندا پانی نہ صرف گاڑیوں بلکہ پیدل چلنے والوں کیلئے بھی باعث پریشانی بن چکا ہے۔بارش کے ایام میں رابطہ سڑک جھیل کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس کی وجہ سے عوام خصوصاً بزرگوں اور بچوں کو سڑک سے گزرنے میں انتہائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق سڑک مکمل طور پر خستہ ہو گئی ہے جس کے سبب نکاسی آب نظام بھی متاثر ہو چکا ہے، جگہ جگہ نالے اور ڈرین کا پانی سڑک پر جمع ہو رہا ہے جو مکینوں کے لئے باعث عذاب بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے اس پر چلے والی گاڑیوں کو بھی زبردست نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کئی بار رجوع کیا تاہم ’’انتظامیہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے سے قاصر ہے۔مقامی شہریوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سڑک کا کام مکمل کرنے اور اس پر تارکول بچھانے کی اپیل کی۔
بی ڈی اوکے تبادلے پر مینڈھر میں احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر // جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر مینڈھر کے کئے گئے تبادلے کو لے کر بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین طاہرہ جبین اور سرپنچ ایسوسی ایشن کے ضلع صدر شوکت چوہدری کی قیادت میں پنچایتی اراکین نے مینڈھر میں احتجاج کیا ۔منتخب نمائندوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کو کچھ ہی عرصہ میں تبدیل کر کے بلاک میں جہاں تعمیر اتی عمل پر روک لگا دی گئی ہے وہائیں تعمیراتی کاموں کی ادائیگیوں کا عمل بھی متاثرکر دیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں مینڈھر ترقیاتی بلاک سب سے بڑا بلاک ہے تاہم اس کا تعمیراتی و ترقیاتی عمل بلاک ڈیولپمنٹ آفیسروں کی تعیناتیاں نہ ہونے اورتعیناتی کے بعدجلدتبدیلیوں کی وجہ سے گزشتہ کئی عرصہ سے مسلسل متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ آفیسر کی تبدیلی کو جلدازجلد منسوخ کیا جائے تاکہ تعمیر اتی کاموں کی عید سے قبل ادائیگیاں ہو سکیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مذکورہ آفیسر کو تبدیل کیا گیا تو ایک بڑا احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔
بجلی کرنٹ لگنے سے خاتون شدید زخمی
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے علاقہ بیدار میں ایک 48 سالہ خاتون بجلی کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اتوارکومنڈی تحصیل کے علاقہ بیدار میں زموردہ بی زوجہ نظیر احمد بجلی کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئی جسے بعد ازاں علاج و معالجہ کیلئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بجلی کرنٹ نے خاتون کو شدید زخمی کر دیا تھا جس کا انہوں نے سب ضلع ہسپتال منڈی میں علاج کیا ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ خاتون کی جان خطرے سے باہر ہے۔ خاتون کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ اپنے گھریلو کام میں مصروف تھی کہ اچانک بجلی شارٹ سرکٹ ہوا جس کی وجہ سے اسے کرنٹ لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر والوں اور مقامی لوگوں کی مدد سے اسے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا علاج کیا جو کہ ابھی بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
عارضی ملازمین کی ہڑتال سے پانی کا سپلائی نظام متاثر
لوگ قیمتی پانی لانے پر مجبور ،انتظامیہ پر خاموش تماشائی ہونے کاالزام
رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے نوشہرہ سب ڈویژن کی درجنوں واٹر سپلائی سکیمیں بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔دوسری جانب محکمہ کے عارضی ملازمین نے کہاکہ ان کی مانگیں پوری ہونے تک کام چھوڑ ہڑتال مسلسل جاری رکھی جائے گی ۔نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کا احتجاج 9ویں روز بھی جاری رہا ۔احتجاج کررہے ملازمین نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے عارضی ملازمین کیساتھ مبینہ طورپر کھلواڑ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ گزشتہ کئی عرصہ سے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔عارضی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے نوشہرہ سب ڈویژن میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ کچھ جگہوں پر لوگ ٹریکٹروں کی مدد سے قیمتی پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیمیں بند ہونے کی وجہ سے وہ ٹریکٹروں کیساتھ ٹینکرز باندھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین ہڑتال کو ختم کروانے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے تاکہ سب ڈویژن میں پانی کی قلت دور ہو سکے ۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی
راجوری//راجوری میں جموں و کشمیر پولیس نے مویشیوںکی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے تیرہ جانوروں کو سمگلروں کے چنگل سے بچایا۔پولیس نے بتایا کہ راجوری پولیس کی ایک ٹیم نیانچارج پولیس پوسٹ چٹیاڑچنگس کی سربراہی میں، ایس ایچ او راجوری فرید احمد کی نگرانی میں ایک معمول کی گشت کے دوران دو لوڈ کیرئیرزیر پر رجسٹریشن نمبر JK11B 9450- اور -JK11E 7165 کوروک کر ان کا معائینہ کیا جس کے دوران دونوں گاڑیوں سے سمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کروالیاگیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں ملزام کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمات زیر ایف آئی آ ر نمبر 358اور359درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کردیا ہے ۔
راجوری میں صفائی مہم چلائی گئی
راجوری //فوج کی جانب راجوری میں سکولی بچوں کے ہمراہ ایک صفائی مہم چلائی گئی ۔فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق سوچھ بھارت ابھیان کے تحت چلائی گئی مہم کے دوران راجوری ضلع کے صابرہ گلی علاقہ میں صفائی کی گئی ۔بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ مہم چلانے کا اصل مقصد علاقہ مکینوں و سکولی بچوں میں سوچھ بھارت ابھیان کے تئیں بیداری پیدا کرنا تھا ۔ اس دوران بچوں کو صحت صفائی کے عنوان سے واقف کرواتے ہوئے فوجی آفیسران نے کہاکہ وہ اپنے ارگرد صفائی ستھرائی کا خصوصی بندوبست کریں جبکہ سماج میں صفائی کے سلسلہ میں لوگوں کو بھی بیدار کریں تاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی گئی صفائی مہم کو کامیاب بنایا جاسکے ۔
بھدرواہ کو ضلع کا درجہ دیا جائے
سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کی ایل جی و مرکزی سرکار سے مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آل جموں و کشمیر سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل نے بھدرواہ کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹا کشمیر کہلانے والا یہ خطہ کو ہر سطح نظر انداز کیا جارہا ہے۔بھدرواہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئیایس سی ڈبلیو سی کے صدر نذیر احمد خان نے کہا کہ سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کا مقصد جہاں اس خطہ کی شناخت، تہذیب و کلچر کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا ہے وہیں بھدرواہ کی تعمیر و ترقی و باالخصوص ضلع کا درجہ دینے دینے کے لئے وسیع پیمانے پر جدو جہد جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا ایس سی ڈبلیو سی میں بھدرواہ کے ہر ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے باصلاحت و دور اندیش لوگوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا بھدرواہ کو ایڈیشنل ضلع کا درجہ ملنا ضلع کے لئے ایک بنیاد ہے جس کو حاصل کرنے کے لئے سینئرسٹیزنز ویلفیئر کونسل نے اپنے تمام وسائل کا استعمال کرکے اس کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کونسل کے دیگر اراکین کی موجودگی میں انہوں نے کہا کہ ضلع کی مانگ کو لے کر سابق حکومت کے ساتھ ساتھ موجودہ مرکزی سرکار کے سامنے بھی سٹیزنز ویلفیئر کونسل نے میمورنڈم پیش کئے ہیں اور ان کوششوں کو تب تک جاری رکھیں گے جب تک نہ بھدرواہ کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے بھلیسہ و دیگر مضافاتی علاقوں کے ساتھ کئی دہائیوں سے اچھے و مضبوط تعلقات تھے لیکن کچھ لوگوں کی طرف سے اس میں رکاوٹیں پیدا کی گئیں لیکن کافی محنت کے بعد بھلیسہ و بھدرواہ سڑک کو جوڑا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہندو مسلم اتحاد کو قائم و دائم رکھنے کے لئے بھی سینئرسٹیزنز ویلفیئر کونسل ہر وقت فکر مند رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر کسی بھی خطہ و علاقہ کی ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے سیول سوسائٹی و نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بھدرواہ کو ضلع کا درجہ دینے کی مہم کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت رول ادا کریں تاکہ اس خطہ کی کھوئی ہوئی شناخت کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔
مدرسہ انوار مدینہ گندوہ میںعظیم الشان سالانہ جلسہ
3 حفاط سمیت 6 طلباء کی دستار بندی، علماء نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //مرکزی مدرسہ انوار مدینہ گندوہ کا عظیم الشان 13واں سالانہ جلسہ اختتام پذیر ہوا جس میں تین حفاظ سمیت چھ طلباء کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر مفسر قرآن مولانا مفتی نذیر احمد قادری صوبائی صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ جموں، مولانا مفتی پیر سید فرید شاہ صدر آل انڈیا تنظیم علماء اسلام جموں و کشمیر و مولانا مفتی غلام محمد رضوی ناظم تعلیمات انجمن اہل سنت و جماعت چناب ویلی، مولوی محمد شفیع امام و خطیب مرکزی جامع مسجد گندوہ سمیت متعدد علماء نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ مدرسہ ہذا کے طلباء نے نعتیہ کلام و قرآن و حدیث کی روشنی میں تقاریر بھی کیں۔اس موقع پر بولتے ہوئے علماء کرام نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنائے ہوئے طریقوں و قرآنی تعلیمات کے مطابق اپنی عملی زندگی گذارنے پر زور دیا۔ انہوں نے مدارس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اہل خیر حضرات سے ان اداروں کی ہر ممکن اعانت کرنے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ان اداروں سے دین کے داعی و امن کے علمبردار پیدا ہوتے ہیں۔تقریب کے دوران تین حفاظ و تین قراء کی دستار بندی کی گئی۔ اس طرح سے آج تک اس ادارہ سے شعبہ حفظ سے فارغین کی مجموعی تعداد 21 و شعبہ قرأت سے 8 ہو گئی۔
بی ایم او سندر بنی اعزاز سے سرفراز
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// قومی ڈاکٹرز ڈے کے موقع پر بلاک میڈیکل آفیسر سندر بنی ڈاکٹر نثار حسین چوہدری کو بہترین کارکردگی اور بے لوث خدمت خلق کے نتیجے میں اعزاز و اکرام سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر نثار حسین چوہدری کو ان کی سماجی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازے جانے پر سب ڈویژن تھنہ منڈی کی عوام نے دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اور انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ قومی ڈاکٹرز کے موقع پر ڈاکٹر نثار چوہدری کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بی ایم او کے اعتراف میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل اور سی ایم او راجوری کے ہاتھوں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ یاد رہے کہ نیشنل ڈاکٹرز ڈے منانے کا مقصد لوگوں کو اس دن ڈاکٹرز کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جانا ہوتا ہے۔ ساتھ ہی زندگی میں ڈاکٹرز کے تعاون کو سراہا جاتا ہے۔ یہ خصوصی دن ان تمام ڈاکٹرز اور صحت کے کارکنوں کے لئے وقف ہے جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
تھنہ منڈی میں سیاسی لیڈران کا اجلاس منعقد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // یو ٹی جموں و کشمیر میں متوقع انتخابات اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر کی سرپرستی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیاجس میں علاقہ بھر سے مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع سکریٹری عبدالغنی شال، مفتی مقبول خان، منڈل پردھان زاہد قریشی، ڈی ڈی سی ممبر قیوم میر، ایس ٹی مورچہ کے جاوید چوہدری کے علاوہ محمد علیم، قیوم گنائی محمد رفیق اور دیگر کئی سینئر لیڈران میٹنگ میں موجود تھے۔ جموں و کشمیر میں ڈیولپمنٹ کے کام اور آنے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔اس اجلاس کے ذریعہ علاقہ کے تمام سیاسی کارکنوں کو مضبوط و مستحکم کرنے پر زور دیا گیا تاکہ ووٹروں میں سیاسی شعور کی بیداری اور ووٹ کے بہتر استعمال کی رہنمائی کی جاسکے۔ اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں حکمراں جماعت کو کامیاب بنانے کے لئے تمام رہنماؤں اور ورکرز کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے برسوں سے یہاں کے عوام کا استحصال کیا ہے اور انھیں صرف ووٹ بنک کیلئے استعمال کیا ہے۔ لہذا بھارتیہ جنتا پارٹی ہی ایک ایسی جماعت ہے جو اقلیتوں اور دوسرے تمام لوگوں کے دکھ درد کو محسوس کرتی ہے لہذا اسے مضبوط و مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس جانب بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور آہستہ آہستہ ان تمام کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
فلاحی تنظیم نے مستحقین میں ضروری اشیاء تقسیم کیں
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم عوامی بہبود فرنٹ نے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے درجنوں مستحق افراد میں ایک ماہ کے لئے راشن کٹس تقسیم کیں۔تنظیم کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے تحصیل سپلائی آفیسر منموہن سوری اور پرمجیت سنگھ جے اے ای او محکمہ ایگریکلچر پونچھ نے شرکت کی۔مہمانوں نے اپنے ہاتھوں سے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرتے ہوئے غیر سرکاری تنظیم کی سربراہ زورآورسنگھ شہباز کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے عوامی خدمات کرنا کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔انہوں نے دیگر غیر سرکاری تنظیموں کو آگے آکر عوام کی خدمت کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی خدمت سے بڑھ کر نہ کوئی عبادت نہیں ہے، ہمیں ہمیشہ غریبوں کی خدمت کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاشرے میں بسنے والے تمام تاجروں، امیروں اور بڑے ملازمین سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ اپنی کمائی سے غریبوں کی مدد کریں یا ہمارے فرنٹ کی مدد سے اپنا انسانی فرض ادا کریں۔اس موقع پر فرنٹ کے ممبران ایڈوکیٹ محمد یونس میر، رویندر کور اور رنجیت سنگھ بھی موجود رہے۔
نوشہرہ میں شجر کاری مہم چلائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ایک شجر کاری مہم چلائی گئی ۔سب ڈویژن کی پنچایت بھوانی کے سرپنچ کی قیادت میں ایک مہم چلائی گئی جس میں محکمہ جنگلات کے ملازمین و آفیسران بالخصوص ڈویژنل فارسٹ آفیسر نوشہرہ ،ایس ڈی پی او نوشہرہ کیساتھ ساتھ دیگران نے بھی شرکت کی ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کے موقعہ پر مذکورہ مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ لوگوں کو بیدار کیا جاسکے اور وہ بھی مذکورہ نوعیت کی مہم چلا کر جہاں جنگلات کی اہمیت کیساتھ ساتھ اپنے قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا رول ادا کرسکیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈی ایف آئی اونے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ مہم میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقراررکھا جاسکے ۔
عید الاضحی کے پیش نظر کم سنگین کیسوںمیںنظر بندقیدیوںکو رہا کریں
شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان کی سرکارسے دردمندانہ اپیل
جموں//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکے صدرالحاج عاشق حسین خان نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیرداخلہ امت شاہ وجموںوکشمیر کے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ آمدہ عید الضحی کے پیش نظر ہمارے لیڈروںکو بڑا دل دکھاکر امن کے مستقل قیام کے لئے جیلوںمیںکافی دیر سے نظر بند ان قیدیوںکو غیر مشروط یا مشروط رہا کرنا چاہئے ،جو کم سنگین کیسوںمیںملوث ہیں۔خان نے کہاکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہماری سرکار بڑے دل کا مظاہرہ کر کے مستقل امن کے قیام کے لئے مثبت فیصلہ کر کے عوام کو یہ تاثر دے کہ وہ مستقل امن کے لئے کس قدر سنجیدہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموںوکشمیر و بیرون ریاستی جیلوںمیںبھاری تعداد میںقیدی ہیںجو کمسن و سنگبازی و دوسرے چھوٹے جرائم میںملوث تھے ،اگر ایسے قیدیوںکو رہا کر دیا جاتا ہے تو سینکڑوںکی تعدادمیںمجبور و بے بس والدین و ان کے رشتہ داروںکو سکون کے ساتھ عید الاضحی منانے کا موقعہ ملے گا ۔ خان نے کہاکہ جو نوجوان جان بوجھ کر یا کسی کے بہکاوے میںآکر قانون شکنی کے مرتکب ہو ئے ہیںکو ایک بار پھر سے نئی زندگی شروع کرنے کا موقعہ دیا جا نا چاہئے تاکہ بڑی تعدادمیں مجبورو بے بس و بے کس والدین کے لئے عید الاضحی نئی نوید لے کر آئے ۔خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوںکی غلطی کی سزا ان کے والدین کو بھگتناپڑ رہی ہے ،جس سے ان کی ہمت جواب دے رہی ہے، ایسے میںاگر سرکا عوام دوست فیصلہ لے کر خیر سگالی کا مظاہرہ کر ے تو یہ فیصلہ نئی تاریخ رقم کر سکتا ہے جس کے اثرات مثبت برآمد ہو سکتے ہیں۔
ٹریفک کی خلاف ورزیاں، 1.80 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول
ریاسی// ضلع میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ ریاسی نے کٹرا شہر کے ایک ناکے پر مسافر گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر چیکنگ کی۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ریاسی راجیش گپتا نے کٹرا شہر میں دن بھر کے ناکہ کے دوران ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 180500 روپے جرمانہ وصول کیا۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (اے آر ٹی او) کی سربراہی میں ٹیم کی طرف سے کل 192 گاڑیوں کے چالان/کمپاؤنڈ کیے گئے، 11 گاڑیاں بغیر HSRP ضبط کی گئیں اور خلاف ورزی کرنے والوں سے 180500 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے، دستاویزات کے ساتھ گاڑی چلانے، اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ وغیرہ میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے یہ ناکہ لگایا گیا تھا۔اے آر ٹی او کے مطابق، کرایہ اوور چارجنگ، ایچ ایس پی آر، پری پیڈ کاؤنٹرز کو چھوڑنے اور کمرشل اور پرائیویٹ گاڑیوں کی طرف سے مناسب دستاویزات کے بغیر کام کرنے کے حوالے سے اکثر شکایات موصول ہوئیں۔
صدر ایم سی رام بن کی یاتریوں سے بات چیت
رام بن//صدر میونسپل کونسل رامبنسنیتا سمبریا نے رام بن قصبے میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کیا، خاص طور پر شہر میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے شری امرناتھ جی یاترا 2022 کے یاتریوں کے لیے قائم کیے گئے لنگر مقامات اور قیام گاہوں پر۔اس موقع پر کونسلر ایم سی، رام بن، راج کمار اور کئی دیگر سرکردہ شہری بھی موجود تھے۔صدرنے ہنومان مندر کاؤباغ رام بن میں یاتریوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے مختلف محکموں کی طرف سے ان کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے تمام یاتریوں کے روحانی سفر کی نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے کہا کہ وہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے لیے حکام کی طرف سے جاری کردہ تمام رہنما خطوط پر عمل کریں۔
کشتواڑ میں فوج نے شدید زخمی نوجوان کی جان بچائی
کشتواڑ//کشتواڑ میں فوج نے ایک 24 سالہ شخص، جسے ہاتھ سے ٹریکٹر کے ساتھ کام کرتے ہوئے دونوں ٹانگوں میں شدید چوٹیں آئی تھیں ،کوہسپتال پہنچایا۔فوج نے بتایا کہ کنڈل گاؤں کے رہنے والے انکت کمار دریائے چناب کے پار اپنے کھیتوں میں ایک ہینڈ ٹریکٹر کے ساتھ کام کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔حکام نے بتایا کہ کمار کی دونوں ٹانگوں میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے فوج کی ایک یونٹ نے دیکھا جو فوری طور پر اس کی مدد کے لیے پہنچی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد، فوج کے اہلکار اسے ایک چارپائی پر لے گئے اور ایک رسی پر لٹکی ہوئی ٹوکری کے ساتھ دریا کو پار کیا اور بعد میں اسے ضلع اسپتال منتقل کیا۔حکام نے کہا کہ لوگوں نے فوج کے جوانوں کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ ان کی بروقت مدد نے ایک قیمتی جان بچائی۔
بارہویں جماعت کے نتائج
کٹھوعہ ضلع کی ٹاپ 10 میں 40 پوزیشنیں
کٹھوعہ// جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن سمر زون سیشن 2021-22 کے حال ہی میں اعلان کردہ 12ویں جماعت کے نتائج میں ضلع کٹھوعہ کے طلبا نے شاندا ر کامیابی حاصل کی ہے۔کووڈوبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے باوجود، طلباء نے اپنی لگن، محنت اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 مشترکہ پوزیشنیں حاصل کرکے صوبے کے ٹاپ 10 رینکوں میں جگہ بنائی۔اپنے اسکولوں، اساتذہ اور والدین کا سر فخر سے بلند کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کے طلباء نے ٹاپ 10 میں 6 پوزیشنیں حاصل کرکے نام روشن کیا۔