’اگنی پتھ ‘کے خلاف چوتھے روز بھی احتجاج

 بہار بند کے دوران پرتشدد مظاہرے، 620 افراد گرفتار

نئی دہلی //اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بہار میں بند کے دوران کئی مقامات پر تشدد دیکھا گیا۔ جہاں پتھراؤ کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ تین دن سے بہار سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہنگامہ جاری ہے۔ ادھر بہار پولیس نے شرپسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے اب تک 620 افراد کو گرفتار کیا ہے اور 130 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ نئی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ہفتہ کے بہار بند کے اعلان کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ نوجوانوں کے ساتھ اپوزیشن پارٹیوں کے کارکن بھی سڑک پر نکل آئے ۔ بہار میں مرکزی اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور بائیں بازو کی پارٹیوں اور طلبہ نوجوانوں کی تنظیم اے آئی ایس اے -آئی این او ایس ، روزگار سنگھرش یونائیٹڈ فرنٹ اور فوج میں بھرتی جوان مورچہ، طلبہ نوجوانوں اور سیاسی پارٹیوں کے اعلان پر ہفتے کے بہار بند کو کامیاب بنانے کے لیے کارکنان قومی شاہراہوں اور ریلوے لائنوں پر دھرنا دیا۔ اس دوران طلباء نے کچھ جگہوں پر آتش زدگی گھیراؤ اور توڑ پھوڑ بھی کی۔پولیس ذرائع کے مطابق جہان آباد میں بہار بند کے دوران شرپسندوں نے ٹہٹا او پی کے باہر سڑک پر کھڑے پولیس کی طرف سے ضبط کیے گئے ایک ٹرک اور بس کو آگ لگا دی۔ اسی طرح پٹنہ ضلع کے مساودھی میں تریگانہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پولیس اور شرپسندوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع ہے ۔ شرپسند ریلوے اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔ اس پر شرپسندوں نے پتھراؤ شروع کر دیا اور اس دوران دونوں طرف سے فائرنگ کی خبریں ہیں۔

 تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔