اگلے 48گھنٹوں تک بارشیں متوقع

اشفاق سعید
سرینگر //اگلے 48گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کے بیچ جموں وکشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں منگل کو موسم ابر الود رہا جبکہ سرینگر سمیت کچھ علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے پہلے سے اس بات کی پیشگوئی کی ہے کہ 20اور 21اپریل کو ہلکی اور درمیانہ درجے  کی بارش ہوسکتی ہے جبکہ تیز ہوائیں چلیں گی اور ژالہ باری بھی ہوگی۔سرینگر میں منگل کی شام تک ہلکی بوندا باندی ہورہی تھی۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر ڈویژن میں، موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور منگل کو دوپہرسے شام تک کچھ علاقوں اور مقامات پر ہلکی بارش ہوگی۔20 اور 21 اپریل کے دوران کشمیر ڈویژن کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش،گرج چمک کے ساتھ کبھی کبھار تیز ہوائیں چلنے اور کچھ مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں ڈویژن میں منگل کو زیادہ تر مقامات پر موسم بنیادی طور پر صاف اور گرم رہے گا۔تاہم 20اور21 اپریل کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے مزیدکہاکہ بارشوں کے اس جزوقتی مرحلے کے بعدآنے والے دنوںمیں کسی بھاری بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔دریں اثناء سوموارورمنگل کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت11.2، پہلگام 5.5 اور گلمرگ میں7.4 ڈگری سلسیش ریکارڈکیاگیا۔ دراس میں1.5، لیہہ4.8 اور کرگل میں 5.2 تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموارورمنگل کی درمیانی رات جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 24.6 ، کٹرہ میں 21.7، بٹوٹ میں 15.8، بانہال میں10.6 اور بھدرواہ میں11.2 درجہ حرارت درج ہوا۔