اکہال کنگن میں جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج

 کنگن//وسطی ضلع گاندربل کے چکی اکہال کنگن میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کو لیکرلوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔علاقے کے مردوزن نے سخت سردی کے باوجود جمعرات کو جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی ناقص سپلائی کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے چکی اکہال سڑک پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل وحمل متاثر رہی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں پانی کی سپلائی کے کنکشن باضابطہ فراہم کئے گئے ہیں لیکن ان پانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے علاقے میںپینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔انہوں نے اس سلسلے میںضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی۔اس دوران کنگن پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور مظاہرین کویقین دلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوئے۔ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی محکمہ گاندربل محمد اسلم نے اس ضمن میں بتایا کہ کسی جگہ پر پائپ لائن بلاک ہوئی ہے جس کو درست کرانے کیلئیایک ٹیم کوروانہ کیا جارہا ہے اور علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے گا۔