راجوری//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ضلعی دفتر کے سامنے واقع پلے فیلڈ مین ٹاؤن راجوری کا واحد کھیل کا میدان ہے اور اسے پچیس لاکھ روپے سے زیادہ رقم خرچ کر کے اپ گریڈ کیا گیا تھا لیکن کھیل کے میدان کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔اپ گریڈیشن کو دیکھتے ہوئے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ محکمہ کی جانب سے انتہائی غیر معیاری طرز کا کام کیا گیا ہے ۔مذکورہ کھیل کا میدان جسے مقامی طور پر ٹی او آفس گراؤنڈ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، راجوری بس اسٹینڈ روڈ کے ساتھ اور شہر کی حدودکا واحد کھیل کا میدان ہے جس میں سینکڑوں بچے مختلف کھیل کھیلنے کیلئے موجودرہتے ہیں تاہم اب اس کی حالت کھیلے کے اہل نہیں رہ رہی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ کھیل کے میدان خاص طور پر سائیڈ پویلین اور سٹینڈ کو دیہی ترقی کے محکمہ کے ذریعے کھیلو انڈیا کے تحت اپ گریڈ کیا گیا تھا۔اس پروجیکٹ کے تحت 25.63 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی گئی جس کا مقصد اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے سائیڈ اسٹینڈز پر ٹائلیں بچھائی گئیں جبکہ ایک اسٹینڈ بھی تعمیر کیا گیاتاہم اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کے باوجود اب یہ کھیل کا میدان مکمل طور پر خستہ حالی کا شکار ہے اور بہت کم بچے اس میدان کی جانب رجوع کرتے ہیں ۔حکام نے بتایا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت عمل میں لایا گیا کام غیر معیاری ہو گیا ہے کیونکہ سائیڈ سٹینڈز پر بچھائی گئی زیادہ تر ٹائلیں ٹوٹ کر ڈھیلی ہو رہی ہیں جبکہ سیمنٹ کی دیواریں بھی خستہ حال ہونے شروع ہو گئی ہیں ۔قصبے کے مقامی لوگوں بشمول آشو شرما، یوگیش ساسن، نریندر کمار اور دیگر نے بتایاکہ حکومت کو اس فیلڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈز کے استعمال کی تحقیقات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اس پراجیکٹ کے تحت ہر جگہ جو کام کیا گیا وہ انتہائی غیر معیاری تھا جس کی وجہ سے کھیل کے میدان کی حالت اس نوعیت تک پہنچی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہرے بھرے میدان کا تقریباً ایک تہائی حصہ سیوریج کے پانی، ریت، کچرے سے ڈھکا ہوا ہے تاہم اس گندگی کو اٹھانے کیلئے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔ایک باضابطہ بیان میںیوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ اس فیلڈ کی اپ گریڈیشن کے پروجیکٹ کا کام دیہی ترقی محکمہ سمیت دیگر ایجنسیوں نے کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کھیل کے میدان کے قریب قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا تھا اور مذکورہ سنٹروں کی پوری گندگی کھیل کے میدان میں پھینکی گئی جس کو ابھی تک صاف ہی نہیں کیا گیا ہے ۔